ورڈپریس آرگنائیزیشن ذاتی ہوسٹنگ پر بلاگ بنانے کے لئے ایک ورڈ پریس سی ایم ایس مفت میں فراہم کرتی ہے۔ یہ سی ایم ایس اس وقت بلاگنگ کے حوالے سے سب سے زیادہ کامیاب اور مشہور سی ایم ایس ہے۔ سی ایم ایس یعنی کانٹینٹ مینجمنٹ سسٹم کو آسان الفاظ میں آپ ایک سافٹ ویئر کہہ سکتے ہیں جو کہ ویب سائیٹ پر انسٹال ہوتا ہے اور پھرچند ایک چھوٹی چھوٹی تبدیلیوں کے بعد آپ کی ویب سائیٹ تیار ہو جاتی ہے۔

 
ورڈپریس کی انسٹالیشن (Installation)
ورڈپریس کو انسٹال کرنے کا طریقہ درج ذیل ہے۔ جس جگہ -> کا نشان ہو گا اس سے مراد یہ ہے کہ یہ کوئی ٹِپ یا ٹرِک ہے جس سے آپ کو آسانی ہو گی۔

 
1:- ورڈ پریس سی ایم ایس یہاں سے ڈاؤن لوڈ کریں۔ یہ ایک زپ فائل ہو گی۔ بہتر ہے کہ اسے ان زپ کرنے کی بجائے ایسے ہی اپنی ہوسٹنگ پر اپلوڈ کر لیں۔ اپلوڈ کرنے کے لئے اپنی ہوسٹنگ کے کنٹرول پینل میں جائیں اور پھر فائل مینیجر(File Manager) میں جا کر کسی بھی ڈائریکٹری/فولڈر میں اپلوڈ کر لیں۔

 
2:- یہ ایک زپ فائل تھی اس لئے اب اسے ان زپ/ایکسٹریکٹ کریں اور اس طرح جہاں آپ اسے ان زپ کریں گے وہاں پر ایک نیا فولڈر wordpress کے نام سے بن جائے گا۔ اس فولڈر کو کھولیں اور اس میں موجود تمام فائلز اور فولڈرز کو منتخب کر کے اس جگہ پر منتقل کر دیں جہاں پر آپ نے اپنا بلاگ بنانا ہے۔ مثال کے طور پر میں نے اپنی اصل ڈومین www.mbilalm.com کی بجائے www.mbilalm.com/blog پر بلاگ بنایا ہوا ہے تو میں نے ایسا کیا تھا کہ روٹ فولڈر میں ایک سب فولڈر blog کے نام سے بنایا تھا اور اس میں ورڈپریس کی ساری فائلز کاپی کی تھیں۔
-> فائل مینیجر کے ذریعے فائل اپلوڈ کرنے اور فائل مینیجر کے دیگر طریقہ کار کے لئے اپنی ہوسٹنگ کے کنٹرول پینل کے مطابق سی پینل یا وسٹا پینل کے فائل مینیجر کا استعمال دیکھیں یا پھر فائل زیلا ایف ٹی پی کلائنٹ کے ذریعے فائل اپلوڈ یا ختم کرنے کے بارے میں جاننے کے لئے یہاں دیکھیں۔

 
3:- اب ہوسٹنگ کنٹرول پینل میں جائیں اور ایک مائی ایس کیو ایل ڈیٹابیس بنائیں۔ ڈیٹابیس بناتے ہوئے یا بنانے کے بعد Collation کو utf8_general_ci رکھیں۔ ڈیٹابیس کے لئے ایک یوزر بھی بنائیں اور پھر اس یوزر کو تمام اختیارات دیتے ہوئے اپنی ڈیٹابیس کے ساتھ جوڑ دیں۔
-> ڈیٹابیس بنانے اور اس کی Collation سیٹ کرنے اور ڈیٹابیس کے لئے یوزر بنانے کے لئے اپنی ہوسٹنگ کے کنٹرول پینل کے مطابق سی پینل یا وسٹا پینل میں ڈیٹابیس بنانا دیکھیں۔

 
تمام فائلز اپلوڈ ہو چکی ہیں اور ڈیٹابیس اور اس کا یوزر بھی بن گیا ہے۔ اب سی ایم ایس کی انسٹالیشن کا مرحلہ آتا ہے۔

 
4:- ویب براؤزر کھولیں اور فائل مینیجر کے ذریعے جہاں پر فائلز اور فولڈرز کاپی کیے تھے یعنی جہاں پر بلاگ بنانا چاہتے ہیں اس جگہ کا ایڈریس لکھیں۔ مثال کے طور پر اگر mydomain.com/blog پر بلاگ بنا رہے ہیں تو یہی ایڈریس کھولیں۔

 
5:- ورڈپریس کی انسٹالیشن شروع ہو چکی ہے۔ اب جو صفحہ کھلا ہے اس میں Create a Configuration File والے بٹن پر کلک کر دیں۔ نئے صفحہ پر Let’s go! والے بٹن پر کلک کریں۔

 
6:- اب ڈیٹابیس کے متعلق معلومات فراہم کریں۔ Database Name میں وہ لکھیں جو آپ نے ڈیٹابیس بناتے ہوئے ڈیٹابیس کا نام رکھا تھا، User Name میں ڈیٹابیس کا یوزر بناتے ہوئےیوزر کا جو نام رکھا تھاوہ لکھیں اور Password میں یوزر کا جو پاسورڈ رکھا تھا وہ لکھ دیں۔ Database Host عام طور پر localhost ہی رکھتے ہیں اور Table Prefix بھی عام طور پر wp_ ہی رکھتے ہیں۔ مطلوبہ معلومات درج کرنے کے بعد Submit کے بٹن پر کلک کر دیں۔

-> اگر ڈیٹابیس کے متعلق ساری معلومات ٹھیک نہ لکھیں تو Error establishing a database connection آ جائے گا اور Try Again والے بٹن پر کلک کر کے واپس پچھلے صفحہ پر پہنچ جائیں گے۔

ایسا اسی صورت میں ہو گا جب آپ نے ڈیٹابیس کی معلومات ٹھیک درج نہیں کی ہوں گی یا پھر ڈیٹابیس یا اس کا یوزر بناتے ہوئے کہیں غلطی کی ہو گی۔ اگر سب کچھ ٹھیک ہو یعنی ڈیٹابیس اور ڈیٹابیس کا یوزر ٹھیک بنایا ہو اور اندراج بھی ٹھیک کر رہے ہوں۔ پھر بھی ایرر آئے تو اس کا مطلب Database Host لوکل ہوسٹ نہیں۔ ڈیٹابیس ہوسٹ جاننے کے لئے اپنی ہوسٹنگ کمپنی سے رابطہ کریں اور پھر Database Host میں وہ لکھیں جو ہوسٹنگ کمپنی نے بتایا ہو۔
-> اگر Byethost پر ورڈپریس انسٹال کر رہے ہیں تو Database Host جاننے کے لئے وسٹاپینل میں لاگ ان ہو کر بائیں سائیڈ بار میں Account Information کے نیچے MySQL hostname کے سامنے جو sql306.byethost8.com کی طرح کا لکھا ہوا ہے وہ Database Host میں درج کریں۔

 
7:- ڈیٹابیس کی درست معلومات درج کرکے Submit کے بٹن پر کلک کرنے سے سامنے نیا صفحہ آ جائے گا اور یہاں پر Run the install والے بٹن پر کلک کر دیں۔

 
8:- نئے صفحہ پر بلاگ کے متعلق معلومات فراہم کریں۔ Site Title میں اپنے بلاگ کا عنوان لکھیں۔ Username میں admin لکھا ہو گا یہ بلاگ کے ایڈمن کا یوزر نیم ہے چاہیں تو اسے admin ہی رہنے دیں یا پھر اپنی مرضی کے مطابق تبدیل کر لیں۔ اس کے بعد Password, twice میں اپنا پاسورڈ لکھیں اور پھر Your E-Mail میں اپنا ای میل لکھ کر Install WordPress والے بٹن پر کلک کر دیں۔

 
مبارک ہو! ورڈپریس سی ایم ایس انسٹال ہو چکا ہے اور بلاگ بن چکا ہے۔ اب بلاگ کے دو پہلو ہیں۔ ایک وہ جو ہر کسی کے لئے ہے اور دوسرا صرف بلاگ کے ایڈمن کے لئے ہے۔ مزید معلومات کے لئے یہاں دیکھیں۔

 

تازہ تحاریر سے بذریعہ ای میل باخبر رہیں۔ اپنا ای میل ایڈریس درج کریں۔


شیئر کریں     ای میل     فیس بک     ٹویٹر     گوگل بز     ٹیکنوراٹی     ڈگ     ڈیلیشیئس

ملتی جلتی تحاریر:-     • ذاتی ڈومین نیم اور ہوسٹنگ پر اردو بلاگ بنانا     • اردو بلاگ بنانا     • ورڈپریس بلاگ – ایڈمن پینل کا عمومی جائزہ     • ورڈپریس بلاگ – کمنٹس کی دیکھ بھال     • ورڈپریس بلاگ – پوسٹ لکھنا اور شائع کرنا