اپریل 11, 2011 - ایم بلال ایم
5 تبصر ے

ورڈپریس پلگ ان انسٹال کرنا اور چلانا

بلاگ پر عام استعمال ہونے والے فنکشن تو تھیم بناتے ہوئے ہی شامل کر دیئے جاتے ہیں لیکن کچھ فنکشن ایسے ہوتے ہیں جو ہر کسی کو اپنی ضرورت کے مطابق چاہئے ہوتے ہیں۔ ایسے فنکشن کا کوڈ علیحدہ سے لکھ دیا جاتا ہے اور پھر جسے جو فنکشن چاہئے ہوتا ہے وہ اس فنکشن کو اپنے بلاگ پر انسٹال کر لیتا ہے۔ ان علیحدہ سے ملنے والے فنکشن کو پلگ ان (Plugin) کہا جاتا ہے۔ پلگ ان سافٹ ویئر/ویب سائیٹ کے اصل کوڈ کے ساتھ مل کر اپنا مطلوبہ کام سرانجام دیتے ہیں۔ ہر پلگ ان کسی خاص کام کے لئے ہوتا ہے۔ جیسے میرے بلاگ پر تبصروں کا جواب دینے کے لئے ، سمائل اور چند ایک دیگر کام ”پلگ ان“ کے ذریعے ہی ہو رہے ہیں۔ یوں تو ورڈپریس انسٹال ہونے کے ساتھ چند ایک پلگ ان بھی انسٹال ہوجاتے ہے لیکن اس طریقہ میں ہم اپنی مرضی کا پلگ ان انسٹال کرنا اور پھراسے بلاگ پر چلانا سیکھیں گے۔ جس جگہ -> کا نشان ہو گا اس سے مراد یہ ہے کہ یہ کوئی ٹِپ یا ٹرِک ہے جس سے آپ کو آسانی ہو گی۔ یاد رہے ایک وقت میں ایک سے زیادہ پلگ ان بھی استعمال کیے جا سکتے ہیں۔

ورڈپریس پلگ ان انسٹال کرنا
سب سے پہلے اپنی ضرورت کا پلگ ان ڈاؤن لوڈ کریں۔ پلگ ان کا ایک بہت بڑا اور مستند ذخیرہ آپ کو ورڈپریس پلگ ان ڈائریکٹری سے مل سکتا ہے۔ پلگ ان ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد اگلا مرحلہ اسے بلاگ پر اپلوڈ/انسٹال کرنا ہوتا ہے۔ اس کا سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ بلاگ کے ایڈمن پینل میں جائیں۔ سائیڈ بار میں Plugins کی ذیلی فہرست میںAdd New کے لنک پر کلک کریں۔

اب Upload کے لنک پر کلک کریں۔ نیا صفحہ کھلے گا یہاں Browse کا بٹن دبا کر اپنے کمپیوٹر میں محفوظ ورڈپریس پلگ ان منتخب کریں اور پھر Install Now کا بٹن دبا دیں۔

پلگ ان ٹھیک ہونے کی صورت میں پلگ ان کامیابی سے انسٹال ہونے کی تصدیق کا پیغام سامنے آ جائے گا۔ ساتھ میں کچھ Actions کے لنک بھی ہوں گے۔ ان لنک کی تفصیل کچھ اس طرح ہے کہ پلگ ان کو بلاگ پر چلانے کے لئے Activate Plugin پر کلک کریں یا پھر پلگ ان کے مرکزی صفحہ پر واپس جانے کے لئے Return to Plugins page پر کلک کریں۔

-> کئی دفعہ پلگ ان انسٹال نہیں ہوتا اور ایرر آ جاتا ہے۔ عام طور پر اس کی تین وجوہات ہوتی ہے۔ پہلی پلگ ان ٹھیک نہیں ہوتا اور ذپ فائل کی صورت میں نہیں ہوتا۔ دوسری اس نام کا پلگ ان پہلے سے انسٹال ہوتا ہے اور تیسری وجہ یہ ہے کہ بعض ہوسٹنگ ورڈپریس کو اس طرح سے پلگ ان انسٹال کرنے کی اجازت نہیں دیتیں۔ پہلی دونوں صورتوں میں تو پلگ ان کے ٹھیک ہونے، ذپ فائل ہونے اور پہلے سے اس نام کا پلگ ان نہ ہونے کی جانچ کریں۔ اگر تیسری وجہ ہو تو پھر اس کا حل درج ذیل ہے۔
ایڈمن پینل کے ذریعے اگر پلگ ان اپلوڈ نہ ہو رہا ہو تو ہوسٹنگ کے کنٹرول پینل میں جائیں اور فائل مینیجر کا استعمال کرتے ہوئے پلگ ان کی ذپ فائل کو اپلوڈ کر لیں اور پھر ایکسٹریکٹ /ان ذپ کرنے کے بعد پلگ ان کا جو فولڈر بنے گا اس فولڈر کو اپنے بلاگ کے فولڈر wp-content کے اندر plugins کے فولڈر میں کاپی/منتقل کر دیں۔ بس پلگ ان کے فولڈر کو متعلقہ فولڈر میں کاپی/منتقل کرنے سے پلگ ان انسٹال ہو جائے گا۔
-> فائل مینیجر کے ذریعے فائل اپلوڈ کرنے اور فائل مینیجر کے دیگر طریقہ کار کے لئے اپنی ہوسٹنگ کے کنٹرول پینل کے مطابق سی پینل یا وسٹا پینل کے فائل مینیجر کا استعمال دیکھیں یا پھر فائل زیلا ایف ٹی پی کلائنٹ کے ذریعے فائل اپلوڈ یا ختم کرنے کے بارے میں جاننے کے لئے یہاں دیکھیں۔

ورڈپریس پلگ ان کو بلاگ پر چلانا اور بند کرنا
بلاگ کے ایڈمن پینل میں جائیں۔ سائیڈ بار میں Plugins کی ذیلی فہرست میںPlugins کے لنک پر کلک کریں۔پلگ ان کا مرکزی صفحہ کھل جائے گا۔ یہاں پر پہلے سے انسٹال شدہ پلگ ان نظر آ رہے ہوں گے۔ ہر پلگ ان کے ساتھ اس کے ضروری لنک نظر آرہے ہوں گے۔ جو پلگ ان انسٹال تو ہیں لیکن چلا نہیں رہے ہیں ان کے ساتھ Activate کا لنک ہو گا۔ جیسا کہ تصویر میں سرخ نشان سے واضح کیا گیا ہے۔ پلگ ان کو چلانے کے لئے Activate کے لنک پر کلک کر دیں۔ کامیابی سے چلنے کے بعد تصدیق کا پیغام آ جائے گا۔

اس کے علاوہ جو پلگ ان چل رہے ہوں گے ان کے ساتھ Deactivate کا لنک ہو گا۔ جیسا کہ تصویر میں نیلے نشان سے واضح کیا گیا ہے۔ پلگ ان کو بند کرنے کے لئے Deactivate کے لنک پر کلک کر دیں۔ کامیابی سے بند ہونے کے بعد تصدیق کا پیغام آ جائے گا۔
-> بعض پلگ ان کی سیٹنگز کی ضرورت ہوتی ہے۔ عام طور پر پلگ ان کی سیٹنگز کا لنک پلگ ان کے ساتھ ہی پلگ ان کے مرکزی صفحہ پر ہوتا ہے اگر ایسا نہ ہو تو پھر بائیں سائیڈ بار میں Settings کی ذیلی فہرست میں ہوتا ہے۔ اگر یہاں بھی نہ ہو تو پھر بائیں سائیڈ بار میں ہی کسی دوسرے لنک کی ذیلی فہرست میں ہو گا۔ پلگ ان کی سیٹنگز میں جا کر اپنی ضرورت کے مطابق تبدیلی کر کے محفوظ کر لیں۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

براہ راست 5 تبصرے برائے تحریر ”ورڈپریس پلگ ان انسٹال کرنا اور چلانا

  1. اللہ آپ کو ہمت دے مزيد کام کرتے جانے کی
    ميں تو انتظار ميں تھا کہ آپ مکمل کريں گے تو ميں کاپی پيسٹ کر کے محفوظ کر لوں گا تاکہ ميرے پوتے پوتيوں نواسے نواسيوں کے کام آئے مگر اب سوچ رہا ہوں کہ جتنا ہو گيا ہے اسے کاپی پيسٹ جلدی کر لوں پھر باقی جمع کرتا جاؤں

  2. افتخار اجمل بھوپال کے تبصرہ کا جواب

    چچا جان ابھی اسے کاپی پیسٹ کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ میں جلد ہی مکمل پی ڈی ایف کتاب کا لنک دینے والا ہوں۔ بس کچھ دن انتظار کر لیں اس کتاب کی چند ایک ہی تحاریر باقی ہیں۔ آج کل میں‌اپنی زمینوں کے مسائل میں بہت الجھا ہوا ہوں جس کی وجہ سے بلاگ کے لئے ٹھیک سے وقت نہیں نکال پا رہا۔
    دعا کیجئے گا اللہ تعالیٰ آسانیاں پیدا فرمائے۔۔۔آمین
    والسلام

تبصرہ تحریر کریں۔

Your email address will not be published. Required fields are marked *