اگست 5, 2012 - ایم بلال ایم
10 تبصر ے

راما کی حسین صبح – پربت کے دامن میں

گذشتہ سے پیوستہ

اِدھر آنکھ لگتی، اُدھر خاموش ہوئے جنگلی پھر شور مچا دیتے۔ کچھ سکون آتا تو پتہ نہیں کہاں سے ٹھنڈ آ جاتی۔ میرے تو صرف پیروں کو ٹھنڈ لگ رہی تھی مگر عباس کئی دفعہ ٹھنڈ سے کانپنے کی بجائے ”پھڑکتا“۔ آخر کار ہم دونوں اٹھے اور باہر جنگلیوں نے جو آگ جلا رکھی تھی اس کے پاس پہنچے۔ سوچا چلو کچھ آگ تاپتے ہیں اور کچھ ان کو سمجھاتے ہیں کہ اب خاموش ہو جاؤ اور ہمیں سونے دو۔ اس وقت آگ کے پاس دو چار بچے ہی بیٹھے تھے۔ ہمارا ارادہ تھا کہ ان کو ڈانٹنے کی بجائے نفسیاتی مار دیتے ہیں۔ مگر کوئی طریقہ کامیاب نہیں ہو رہا تھا۔ ہم کہتے کہ
یار ہم آپ کے علاقے میں آئے ہیں، آپ کے مہمان ہیں۔
تو جواب ملتا کہ ہم تو گلگت کے ہیں۔ اگر آپ گلگت میں ہوتے تو ہمارے مہمان ہوتے۔
آپ پڑھے لکھے بچے ہو۔ دوسروں کے آرام کا کچھ تو خیال کرو۔
ہم بچے نہیں۔
یار ہم بہت تھکے ہیں اور مہربانی کر کے سونے دو۔
اگر سونا تھا تو گھر ہی رہتے، یہاں آئے ہو تو پھر موج مستی کرو۔

جب کوئی بات کامیاب نہ ہوئی تو ہم نے کہا کہ پھر زور سے شورشرابہ کرو۔ ہم جان گئے ہیں کہ آپ اچھے لوگ نہیں اور آپ کے گھر والوں اور استادوں نے آپ کو انسانیت سیکھائی ہی نہیں۔ میں اور عباس اتنے میٹھے انداز میں بول رہے تھے کہ لڑائی نہیں ہو سکتی تھی۔ خیر ہم اپنے خیمے میں واپس آ گئے۔ اب ان کا شور کچھ کم تو ہو چکا تھا مگر پھر بھی دور کہیں سے کوئی تھوڑا بہت چیختا۔ آگ تاپنے کے بعد بھی عباس کی سردی کم نہ ہوئی کیونکہ اس کا ”پھڑکنا“ جاری رہا۔ مجھے لگا کہ شاید میرا سلیپنگ بیگ بہتر ہے جس وجہ سے مجھے کم ٹھنڈ لگ رہی ہے، خیر میں نے خیمے میں روشنی کی تو دیکھا کہ عباس سلیپنگ بیگ میں ٹھیک طرح سے نہیں گھسا ہوا۔ ایک تو میں نے اپنے والا سلیپنگ بیگ اسے دیا اور دوسرا اس پر گرم چادر دے کر سلیپنگ بیگ سے ایسا پیک کیا کہ امید تھی کہ اب اسے سردی نہیں لگے گی، مگر پھر بھی وہ کسی کسی وقت ”پھڑکتا“۔ شاید یہ خوراک کا یا کسی اور چیز کا اثر خاص عباس پر ہوا تھا کیونکہ ہمیں بس پیروں کو تھوڑی سردی محسوس ہوئی مگر عباس کو کچھ زیادہ ہی محسوس ہو رہی تھی۔ رات کے تقریباً تین بجے ان ”جنگلیوں“ کو کب سکون آیا اور کب ہماری آنکھ لگ گئی، کچھ پتہ ہی نہ چلا۔

راما کا خوبصورت میدان
راما کا خوبصورت میدان
اب کی بار ”جنگلی“ خاموش تھے مگر پرندے چہچہاتے وادی میں اپنی اڑانیں بھر رہے تھے۔ پرندوں اور راما کی خوبصورت صبح نے خیمے کے دروازے پر دستک دیتے ہوئے کہا ”اٹھو! دیکھو کتنی حسین صبح باہر تمہارا انتظار کر رہی ہے“۔ خیمے کا دروازہ کھولا تو یک دم ٹھنڈی ہوا کا جھونکا روح تک اتر گیا۔ آنکھیں بند ہو گئیں، فطرت نے دونوں بازو کھول کر مجھے اپنے سینے سے لگا لیا۔ میں نے ایک لمبا سانس لیا تو ٹھنڈی ٹھنڈی خوشبو نے جسم کو بھگو کر تروتازہ کردیا۔ خیمے سے باہر دیکھا تو سامنے ایک وسیع ہرا میدان تھا، میدان میں کہیں کہیں جانور پھر رہے تھے۔ میدان کے اس پار جنگل، جنگل کے پیچھے ایک اور بلند جنگل، ان کے پیچھے برف پوش چوٹیاں، چوٹیوں کے اوپر چھوٹے چھوٹے بادلوں کے ٹکڑے اور ان سب پر سایہ کیے ہوئے ”گاڑھا آسمان“۔ پتہ نہیں ان وادیوں میں کیا جادو ہے کہ وہاں کی ہر چیز میں شدت تھی۔ رنگ اتنے گاڑھے تھے کہ گھاس ضرورت سے زیادہ سبز اور آسمان اتنا نیلا کہ جیسے نیل میں بھگوئی چادر۔

میں خیمے سے باہر نکلا، اپنے مالک کی قدرت پر حیران تھا کہ تو نے دنیا میں اتنی خوبصورت جنتیں بنا رکھی ہیں تو پھر اصل جنت کیسی ہو گی۔ فباي الاء ربكما تكذبان (تم اپنے رب کی کس کس نعمت کو جھٹلاؤ گے)۔

عبدالرؤف کے علاوہ تمام دوست جاگ چکے تھے۔ عبدالستار اور میر جمال عین میدان کے وسط میں بیٹھے دھوپ کے مزے لے رہے تھے اور باقی بھی اِدھر اُدھر چہل قدمی میں مصروف تھے۔ وادی کے حسن کے علاوہ اردگرد دیکھا تو سوچنے لگ پڑا کہ یہ مردے کون ہیں؟ غور کیا تو پتہ چلا کہ یہ تو ”جنگلی“ ہیں، جو گذشتہ ساری رات شورشرابہ کرتے رہے ہیں اور ابھی کوئی کہیں تو کہیں ایسے سو رہا تھا جیسے کسی دھماکے کے ساتھ بکھرے پڑے ہیں۔ رات کو انہوں نے اتنا تنگ کیا تھا کہ دل کر رہا تھا ان کو ”ٹھڈے“ مار کر اٹھاؤ اور کہوں کہ الو کے پٹھو، اٹھو اور دیکھو کتنی حسین صبح ہے۔ خیر راما اتنا خوبصورت تھا کہ اس نے کمبخت ”جنگلیوں“ کے بارے میں کچھ سوچنے ہی نہ دیا اور میری سوچوں کو اپنی خوبصورتی کی طرف کھینچ لیا۔

راما سے گذرتا ایک راستہ
راما سے گذرتا ایک راستہ
میں بھی عبدالستار اور میر جمال کے ساتھ میدان میں جا بیٹھا اور کچھ دیر بعد دوست احباب کچن کِٹ اٹھائے وہیں آ گئے تو یاد آیا کہ پیٹ کی بھوک خوبصورت مناظر سے نہیں بھرتی بلکہ اس کے لئے کھانے کی ضرورت ہوتی ہے۔ پروگرام یہ بنا کہ ناشتے کی بجائے کھانا تیار کیا جائے اور تھوڑا بہت کھا کر ٹریکنگ شروع کی جائے۔ وہ کیا ہے کہ ہم راما میں تو موجود تھے مگر راما جھیل ابھی چار ساڑھے چار کلومیٹر کی ٹریکنگ پر تھی۔ خیر کھانا بنانے کا عمل شروع ہوا۔ میرے دوستوں کو پتہ ہے کہ مجھے چائے بنانے کے علاوہ کچھ نہیں آتا لہٰذا عباس اور میر جمال نے سبزی کاٹنی شروع کر دی۔ مجھے کافی بھوک لگ رہی تھی تو میں نے چائے بنائی اور ساتھ کچھ بسکٹ کھا لیے۔ ادھر ہی سلیم راما کے خوبصورت میدان میں اپنی قضا نمازیں پڑھ رہا تھا۔ سبزی پکنے کے لئے تیار تھی۔ عبدالرؤف پکانے لگا اور ساتھ ساتھ ہم سب نے خوب تماشے کیے۔ بناوٹی لڑائی کی، عبدالرؤف کو بازؤں اور ٹانگوں سے پکڑ کر خوب جھولے دیئے۔ ایک طرف بیچارہ ہمارے لئے کھانا تیار کر رہا تھا تو دوسری طرف ہم اس کی خاطر کر رہے تھے۔ یہیں ہماری ملاقات نائب صاحب سے ہوئی جو کہ بقول ان کے پرائمری سکول میں استاد ہیں اور اتوار یعنی چھٹی کا دن تھا تو وہ جنگل سے لکڑیاں لینے جا رہے تھے۔ نائب صاحب نے ہمیں پینے کے لئے چشمے کا صاف پانی بھی منگوا کر دیا۔ ورنہ ہمیں پانی کے لئے خود جانا پڑتا۔

”جنگلی“ اٹھ چکے تھے اور ان میں سے ایک کے ہاتھ مصیبت کا مارا گدھا لگ چکا تھا۔ وہ اس پر بیٹھ کر سیر سپاٹے کر رہا تھا۔ انسان تو انسان تھے مگر جانور بھی ان ”جنگلیوں“ سے پناہ مانگ رہے تھے۔ ان کا استاد ہمارے پاس آیا اور ناشتے کی دعوت دی تو میں نے اسے تفصیل سے سمجھایا کہ آپ کے شاگردوں نے جو ساری رات ہماری خاطر کی ہے وہی کافی ہے، اب مزید کسی خاطر مدارت کی ضرورت نہیں۔ خیر وہ چلا گیا۔ تھوڑی دیر بعد دیکھا کہ اس نے سب ”جنگلیوں“ کو لائن حاضر کر رکھا تھا اور ایک ایک کو ڈانٹ کر گاڑی میں بیٹھا رہا تھا۔ گاڑی چلی گئی اور سرزمین راما نے سکون کا سانس لیا۔

راما
راما
ادھر ہمارا کھانا تیار ہونے والا تھا اس لئے ہم صفیں بچھائے بیٹھے تھے۔ میدان سے کچھ بچے گزر کر جا رہے تھے جن کے ہاتھ میں بوتلیں تھیں۔ پوچھنے پر پتہ چلا کہ بوتلوں میں لسی بھری ہوئی ہے۔ عبدالستار کو اُدھر کی لسی پینے کا شوق ہوا تو بچوں سے ایک بوتل مانگ لی۔ میں نے کہا چھوڑ یار! پتہ نہیں کیسی ہے اور کن ہاتھوں کی تیار کردہ ہے۔ خیر بچوں نے لسی دینے سے انکار کر دیا۔ عبدالستار نے پیسوں کی آفر کی مگر پھر بھی بچے نہ مانے اور اپنی منزل کی طرف چل دیئے۔ ابھی بچے تھوڑے ہی دور گئے تھے کہ ایک بچہ بوتل پکڑے ہوئے ہماری طرف آیا اور ہمیں بوتل دے دی۔ ہم کہا تو پھر کتنے پیسے دیں؟ بچہ بولا نہیں سر، پیسے نہیں چاہیے۔ ہم نے اصرار کیا تو بچہ یہ کہتے ہوئے چلا گیا کہ آپ مہمان ہو اور مہمانوں سے پیسے نہیں لیتے۔ نائب کا پانی منگوا کر دینا اور بچے کا ہمیں مہمان سمجھنا، اب ہمیں یقین ہو گیا کہ ”جنگلیوں“ کا سایہ وادی راما سے اٹھ چکا ہے اور اب یہ وادی اپنی اصل حالت میں واپس آ چکی ہے۔

ہمارا کھانا پک چکا تھا۔ اوہ روفیاااا (عبدالرؤف) تیرا بیڑا ترے۔ یہ کیا بنا دیا ہے؟
میں کیا کرتا، بلندی کے اثرات ہیں۔ تم لوگوں کو پتہ ہے کہ بلندی پر چیزیں اتنی آسانی سے نہیں گلتیں۔
مگر یہ تمہارے آلو تو گلے ہوئے ہیں لیکن نہ نمک ہے نہ مرچ، انڈے کیا خود پی گیا ہے؟ پیاز اور ٹماٹر بھی کہیں نظر نہیں آرہے۔ایسا لگ رہا ہے جیسے ابلے آلو کو کاٹا ہے۔
زیادہ باتیں نہ کرو۔ کھانے ہیں تو کھاؤ۔ نہیں تو خود بنا لو۔

راما میں سیروتفریح کرتا پانی
راما میں سیروتفریح کرتا پانی
خیر کل جو روٹیاں ساتھ لے کر آئے تھے، ان کے ساتھ کچھ کھا ہی لیا۔ ویسے سلیم ٹھیک کہتا تھا کہ روٹیوں کو کچھ نہیں ہو گا۔ روٹی ٹھنڈی تو تھی مگر نرم اور ایک دم تازہ لگ رہی تھی۔ سلیم نے آفر تو کی تھی کہ گرم کر دیتا ہوں مگر ہم نے ایسے ہی کھا لیں۔ اس کے بعد میں نے ایک دم کڑک چائے بنائی۔ اجی کڑک تو ہونی ہی تھی وہ کیا ہے کہ چائے بناتے ہوئے ایک پتنگا چائے میں گر گیا تھا اور اس کا کڑک پن بھی چائے میں شامل ہو گیا۔ جب پتنگا چائے میں گرا تو میں نے سلیم سے پوچھا کہ کیا نئی بناؤ تو سلیم نے کہا کہ جتنے یہ ہمارے دوست زہریلے ہیں یہ پتنگا ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔ 🙂

کھانے سے فارغ ہونے کے بعد عبدالستار میدان کے پاس سے گزرتی ہوئی ندی میں برتن دھونے چلا گیا۔ باقی بھی سامان سیدھا کر کے گاڑی میں رکھنے لگے۔ قیمتی سامان گاڑی میں رکھ دیا اور خیمے لگے ہی رہنے دیئے۔ چھٹی کا دن تھا تو مقامی بچے راما کے میدان میں کھیلنے آ چکے تھے، اس کے علاوہ نزدیکی علاقوں سے بھی گاڑیاں بھر بھر کے ”رنگ برنگے“ لوگ راما پہنچ رہے تھے مگر ہم فوجیوں کی طرح بوٹ شوٹ پہن رہے تھے کیونکہ ہمیں راما جھیل تک پہنچنے کے لئے تین ساڑھے تین گھنٹے کی ٹریکنگ کرنی تھی۔

اگلا حصہ:- جھیل کے راستے میں اردو بلاگروں سے ملاقات – پربت کے دامن میں

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

براہ راست 10 تبصرے برائے تحریر ”راما کی حسین صبح – پربت کے دامن میں

  1. خوب لکھا ہے۔ مزاح بھی خوب ہے۔ 🙂
    وہ بلندی پر سبزی نہ گلنے کا کیا چکر ہے ؟

    اور راما جھیل ۔۔۔۔
    پانی تو ہوگا وہاں ڈھیر سارا!
    گاڑی چل سکتی ہے ؟ 😆

    1. سنا ہے کہ بلندی پر ہوا کا دباؤ کم ہو جاتا ہے اور پانی تھوڑے درجہ حرارت پر ہی اُبل جاتا ہے جس وجہ سے چیزیں اتنی جلدی نہیں گلتیں۔
      اجی راما جھیل میں اتنا پانی ہے کہ اس سے گاڑی تو کیا، پورا ملک چل سکتا ہے۔ فرض کریں اگر پانی کم پڑ گیا تو پھر نانگاپربت کے اتنے گلیشیئر ہیں کہ کئی سو سالوں تک ان سے پانی بنایا جا سکتا ہے، بس ”تسی اک واری گڈی چلاؤ“ 🙂

    1. اجی کوئی ایسا ویسا ناک میں دم کیا تھا، دل کرتا تھا کہ ان کی ایسی خبر لیں کہ ساری عمر بولنا چھوڑ جائیں، مگر۔۔۔

  2. لسی کی بوتل 🙁 🙁
    میں بچپن میں ڈالڈے کے ڈبے میں لسی
    سائیڈ پاکٹ میں مکئی کے دانے
    اور نرم نرم ایک دن پہلے کی روٹی
    جنگلی بیر ملیں تو روٹی پہ مل کر لسی سے کھانا مت بھولئے
    مزا آجائے گا :

    1. ارے واہ۔ یہ نسخہ پہلے بتا دیا ہوتا تو کئی جگہوں پر تکلیف سے بچ جاتے۔ چلو کوئی بات نہیں زندگی رہی تو آئندہ سہی۔

  3. بہت عمدہ لکھا ۔ ۔ ایک لمحے کو یوں محسوس ہوا جیسے میں نے ابھی راما کی ٹھنڈی ہوا اپنے چہرے پر محسوس کی ھو ۔ منظر کشی بہت عمدہ ہے ۔

تبصرہ تحریر کریں۔

Your email address will not be published. Required fields are marked *