ستمبر 25, 2023 - ایم بلال ایم
تبصرہ کریں

کیمرے کے بغیر کیمرہ سِمولیٹر سے فوٹوگرافی سیکھیں

جو پہنچے رنگوں کے دیس تو اندھیروں سے بھی روشنی کشید کرنے لگے۔ تاریکیوں سے بھی چمک آنے لگی۔ یوں کرنیں چن چن کر ”روشنی تحریر“ کرنے کی کوشش میں لگ گئے۔ اسی سلسلے میں پہلے بھی بتایا تھا کہ اگر آپ کو بھی رنگوں کے دیس گھومنا ہے تو آئیے ہمارے سنگ چلیئے۔ اس سفر پر قدرت ایسے گھوڑے مہیا کرے گی کہ کھیل ہی کھیل میں فوٹوگرافی کے بہترین گُھڑ سوار بن جائیں گے۔۔۔ خیر اس سفر میں آپ شامل ہوئے یا نہیں مگر ہم نے اپنے تئیں کوشش جاری رکھی۔ اس واسطے تصویریں بنائیں، تحریریں لکھیں اور ایک آدھ ویڈیو اور اینیمیشنز بھی بنائیں۔ لاکھ مصروفیت کے باوجود بھی یہ سلسلہ جاری ہے اور اب اس ضمن میں اک نئی کاوش ”کیمرہ سِمولیٹر“ پیشِ خدمت ہے۔۔۔ ویسے کیا آپ جانتے ہیں کہ فوٹوگرافی کے کئی اساتذہ ہماری تحریروں کو نوٹس کے طور پر پیش کرتے ہیں، جبکہ طلباء کو سمجھانے کے لئے ویڈیو میں شامل انیمیشنز دیکھاتے ہیں۔ امید ہے کہ اب اس نئی پیشکش سے فوٹوگرافی سیکھنے سیکھانے میں مزید آسانیاں پیدا ہوں گی۔

آج کل بہت سے لوگ بڑی اچھی فوٹوگرافی کر رہے ہیں اور اگر وہ فوٹوگرافی کے کچھ بنیادی اصول بھی سمجھ لیں تو یقیناً پروفیشنل لیول کے فوٹوگرافر بن جائیں گے۔ اور یہ کوئی مشکل کام بھی نہیں اور کیمرہ سمولیٹر کی مدد سے تو بالکل بھی نہیں۔ ویسے اگر آپ تصویریں بنانے کا شوق رکھتے ہیں اور بناتے بھی ہیں، لیکن آج تک فوٹوگرافی کی بنیادی تکنیک نہیں سمجھی تو میرے حساب سے آپ نے اپنے شوق کے ساتھ بڑی زیادتی کی ہے۔ کیونکہ اگر تھوڑا سا تردد کر کے بنیادی باتیں سیکھ لیتے تو شوق کو چار چاند لگ جاتے۔

ویب ڈویلپر اور فوٹوگرافر تو پہلے سے تھا لیکن کیمرہ سمولیٹر بنانے لگا تو کافی کچھ نیا سیکھنا پڑا۔ آپ اس سمولیٹر سے کچھ سیکھیں نہ سیکھیں، مگر اس کی تیاری کے دوران میں نے بہت کچھ سیکھا۔ ریاضی کے کئی فارمولے کھنگالے، ایک آدھ مزید پروگرامنگ لینگویج پر ہاتھ صاف کیا، فوٹوگرافی اور خاص طور کیمرہ تکنیک کی گہرائیوں میں اترا۔ اور اس سب میں بڑا مزہ آیا، کیونکہ گہرائیوں میں تو اک اور ہی جہاں آباد ہوتا ہے۔ اس تیاری کے مزیدار سفر کی روداد کسی دوسری تحریر میں پیش کروں گا۔

ابھی عرض یہ ہے کہ اک عرصے سے دل تھا، فوٹوگرافی سیکھنے کے شوقین لوگوں کے لئے کیمرہ سِمولیٹر جیسی کوئی چیز بناؤں۔ تاکہ اس شعبے میں قدم رکھنے والوں کے لئے کچھ آسانی ہو۔ وہ کیا ہے کہ باتوں (تھیوری) سے وقتی طور پر تھوڑی بہت سمجھ تو آ جاتی ہے مگر جب تک عملی تجربہ (پریکٹیکل) نہ کیا جائے تب تک ٹھیک طرح بات بنتی نہیں۔ اور اب عملی تجربے کے لئے فیلڈ میں تصویریں بنا کر بلکہ ”ہِٹ اینڈ ٹرائل“ طریقے سے تصویریں بنا بنا کر اور مغز ماری کر کر کے سیکھنے کی بجائے، آرام سے کیمرہ سمولیٹر سے آن لائن سیکھیئے اور اپنی فوٹوگرافی کی بنیادیں پختہ کر کے فیلڈ میں نکلیئے۔ دراصل کیمرہ سمولیٹر سے کیمرے کے بغیر ہی کافی کچھ عملی طور پر سیکھا جا سکتا ہے۔

بنیادی طور پر یہ تصویر کا ”ایکسپوژر سمولیٹر“ ہے۔ جس کے ساتھ کھیل ہی کھیل میں یہ سمجھ آ جائے گی کہ تصویر کا ایکسپوژر کیسے سیٹ کرتے ہیں اور کیمرہ شوٹنگ موڈز کیا ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ کیمرے کے شٹر، اپرچر اور آئی ایس او کیا ہیں، کسی تصویر پر یہ کیا اثر چھوڑتے ہیں اور مختلف قسم کی فوٹوگرافی میں انہیں کس طرح استعمال کیا جاتا ہے۔ یاد رہے کہ انہیں تینوں یعنی شٹر، اپرچر اور آئی ایس او کے اوپر ہی فوٹوگرافی کی ساری عمارت کھڑی ہے۔
فی الحال سمولیٹر میں شامل تصویریں تو دو ہیں مگر یہ بیک وقت کئی اقسام کی فوٹوگرافی کے لیے موزوں ہے۔ مثلاً دن اور رات کی فوٹوگرافی سیکھنے کے ساتھ ساتھ تیزی سے حرکت کرتی (جیپ)، آتش بازی اور فوارہ عملی طور پر کیمرہ شٹر کے کمالات سمجھائیں گے اور بتائیں گے کہ متحرک چیزوں کو ”فریز“ کرنا ہو یا ”لائیٹ ٹریل اور سلکی واٹر“ وغیرہ بنانا ہو تو شٹر سپیڈ کو کیا کچھ کیا جائے۔ ایسے ہی منظر کی گہرائی کیمرہ اپرچر کی وضاحت کرے گی۔ بلکہ پھیلتی سکڑتی روشنیاں بتائیں گی کہ اپرچر کی مدد سے سٹار برسٹ، سن برسٹ یا سن سٹار یعنی تصویر میں روشنی کے کسی منبع کے گرد شعاعیں کیسے بنتی ہیں۔ وغیرہ وغیرہ۔۔۔

کیمرہ سمولیٹر کی پروٹوٹائیپ تیار ہوتے ہی دوست احباب نے اس کی جانچ پڑتال(ٹیسٹنگ) شروع کر دی تھی۔ دوستوں کی جانب سے تقریباً سب اچھے کی اطلاع ملی تو بنیادی ورژن لانچ کر رہا ہوں۔ اب آپ کی دلچسپی بتائے گی کہ وقت کے ساتھ ساتھ اسے مزید بہتر اور اس میں دیگر کئی فنکشنز شامل کرنے پر محنت کروں یا نہیں؟ بہرحال آپ بھی ”ایم بلال ایم ڈاٹ کام“ پر کیمرہ سِمولیٹر کا جائزہ لیں۔ فوٹوگرافی سیکھنے والے سیکھیں اور اگر کہیں کوئی غلطی ہو تو اس کی نشاندہی کریں۔ مزید کوئی مشورہ ہو تو عنایت فرمائیں۔

کیمرہ سِمولیٹر کا لنک

کیمرہ سِمولیٹر کی تیاری میں کسی بھی حوالے سے تعاون کرنے والے تمام لوگوں کا اور خاص طور پر یارِ غار عباس مرزا اور رنگوں کے کھلاڑی عمران احسان الٰہی مغل کا شکر گزار ہوں۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

تبصرہ تحریر کریں۔

Your email address will not be published. Required fields are marked *