فروری 19, 2014 - ایم بلال ایم
4 تبصر ے

پاکستان کا اردو بلاگستان

صحیح معنوں میں جب باقی دنیا میں بلاگنگ مشہور ہوئی تو اس نے پاکستان پہنچنے میں دیر تو لگائی مگر زیادہ دیر بھی نہ لگائی۔ پاکستان کے سب سے پہلے بلاگر کے بارے میں حتمی کچھ کہنا مشکل ہے۔ البتہ انگریزی بلاگر طارق مصطفیٰ اور اردو بلاگر عمیر سلام کا شمار اولین پاکستانی بلاگر میں ہوتا ہے۔ طارق مصطفیٰ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ 2001ء یا اس سے پہلے ہی لکھنا شروع ہو گئے تھے، جبکہ عمیر سلام نے اگست 2002ء میں باقاعدہ اپنے اردو بلاگ کا آغاز کیا تھا۔ ہو سکتا ہے کہ تب کئی لوگ اردو کو تصاویر کی شکل دے کر اِدھر اُدھر انٹرنیٹ پر اپنی رائے کا اظہار کررہے ہوں مگر عمیر سلام پہلا اردو بلاگر تھا، جس نے تصویری اردو کی بجائے کمپیوٹر کی اصل اردو (یونی کوڈ) کو استعمال کرتے ہوئے باقاعدہ اردو بلاگنگ شروع کی۔

یوں تو تب بلاگ کے لئے کمپیوٹر پر اردو لکھنا اور اردو بلاگنگ آج کی نسبت کافی مشکل کام تھا، مگر اردو بلاگرز کسی صورت بھی پیچھے نہ رہے اور اردو بلاگنگ کے لئے محنت کرنے لگے۔ انہیں دنوں اردو کمپیوٹنگ کے کئی رضاکار مختلف فورمز پر مل بیٹھے اور اپنے تائیں اردو بلاگنگ کے مسائل حل کرنے کی جدوجہد شروع کر دی۔ وقت گزرتا رہا اور اسی دوران کئی لوگوں نے اپنے اردو بلاگ بنائے۔

جنوری 2004ء میں بی بی سی اردو نے اپنی بلاگنگ کا آغاز کیا۔ آخر کچھ رضاکاروں نے مل کر باہمی مشاورت سے جولائی 2005ء میں ایک آن لائن فورم ”اردو محفل“ کی بنیاد رکھی۔ اس فورم کا مقصد اردو کمپیوٹنگ اور اردو بلاگنگ کو درپیش مسائل حل کرنا اور اسے عام صارف کے لئے آسان بنانا تھا۔ یوں رضاکاروں نے اپنے بل بوتے پر بہت سارے مسائل کے حل ڈھونڈے۔ اس فورم کے بننے کے بعد جیسے اردو بلاگنگ کی دنیا میں انقلاب آ گیا۔ کئی لوگوں کے لئے اردو بلاگنگ کا راستہ کھلا، بہت سارے اردو بلاگ وجود میں آئے اور آج اردو بلاگرز کی کثیر تعداد موجود ہے۔

انہیں اردو محفل کے رضاکاروں نے مل کر بلاگرز کی ایک اجتماع گاہ ”اردو سیارہ“ کے نام سے بنائی، جہاں پر تمام اردو بلاگز کو اکٹھا کیا گیا اور ہر بلاگ کی تازہ تحریر اردو سیارہ میں نظر آنے لگی۔ اس سے قارئین کو سہولت ہوئی کہ ہر بلاگ پر علیحدہ علیحدہ جانے کی بجائے ایک ہی جگہ تمام اردو بلاگز کا مواد پڑھنے کو مل جاتا۔اس چیز کو ”بلاگز ایگریگیٹر“ بولتے ہیں۔ اردو سیارہ کے بعد دیگر کئی ایک اردو بلاگز ایگریگیٹر بنے۔ جن میں قابل ذکر ”اردو کے سب رنگ“ اور ”اردو بلاگز“ ہیں۔ اردو سیارہ اور اردو کے سب رنگ آج بھی موجود ہیں جبکہ ”اردو بلاگز“ بند ہو چکا ہے۔ اس کے علاوہ آج کل مشہور ایگریگیٹر ”اردو سورس“ ہے۔

اردو بلاگ بنانے کی مشکلات کو آسان کرنے کے لئے ماضی میں کئی ایک ویب سائیٹس سامنے آئیں۔ جہاں پر چند کلک سے نہایت آسانی سے اردو بلاگ بنایا جا سکتا تھا۔ ان میں قابل ذکر ”اردو ٹیک“ اور ”ورڈپریس پی کے“ تھیں۔ آج کے کئی مشہور اردو بلاگرز نے انہیں ویب سائیٹس پر بلاگ بنا کر اپنی اردو بلاگنگ کا آغاز کیا۔ مگر افسوس! وسائل کی کمی کے باعث یہ ویب سائیٹس زیادہ دیر نہ چل سکیں۔ بہرحال ان کے بند ہوتے ہی بلاگرز کی اکثریت نے بلاگسپاٹ اور ورڈپریس کا رخ کیا۔ کئی ایک اپنی ذاتی ویب سائیٹ پر منتقل ہو گئے۔ اس دوران ساتھ ساتھ کئی ایک مسائل کا حل تلاش کیا جاتا رہا اور آج وہ وقت ہے کہ کوئی بھی نہایت آسانی سے اردو بلاگ بنا کر اپنی آواز دوسروں تک پہنچا سکتا ہے۔

اردو بلاگنگ پر صرف پاکستان میں ہی کام نہیں ہوا بلکہ دیگر ممالک جہاں بھی اردو لکھی پڑھی جاتی ہے جیسے ہندوستان میں بھی کام ہوا ہے۔ کیونکہ یہ تحریر خاص ”پاکستان“ کے لئے لکھی ہے اس لئے فی الحال اسی کا ذکر کیا ہے۔ خیر اردو بلاگستان آغاز سے ہی اپنے بے باک اور موضوعات کے تنوع کی وجہ سے منفرد مقام رکھتا ہے۔ اردو بلاگرز مختلف موضوعات پر لکھتے ہیں اور یہ سلسلہ زور و شور سے جاری و ساری ہے۔ مزید بلاگستان کے شروع کے دنوں کے متعلق معلومات کے لئے اردو بلاگنگ کی تاریخ ملاحظہ کیجئے۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

براہ راست 4 تبصرے برائے تحریر ”پاکستان کا اردو بلاگستان

تبصرہ تحریر کریں۔

Your email address will not be published. Required fields are marked *