اپریل 10, 2011 - ایم بلال ایم
7 تبصر ے

ورڈپریس بلاگ اور تھیم کوڈ میں تبدیلی کرنا

ورڈپریس تھیم انسٹال کرنا، بلاگ پر لگانا اور تبدیل کرنا تو پہلے لکھ چکا ہوں۔ جو آپ یہاں دیکھ سکتے ہیں۔ اس تحریر میں کسی تھیم کے کوڈ میں تبدیلی کرنے اور بلاگ پر تھیم سے متعلقہ چند ایک تبدیلیوں کے بارے میں لکھ رہا ہوں۔
عام طور پر بلاگ کے ایڈمن پینل میں Appearance کی ذیلی فہرست میں Themes، Widgets، Menus اور Editor کے لنک ہوتے ہیں۔ Themes کا لنک تو تھیم انسٹال اور تبدیل وغیرہ کرنے کے لئے ہوتا ہے جس کی تفصیل یہاں دیکھ سکتے ہیں۔اس کے علاوہ سب سے آخری لنک Editor تھیم کے کوڈ میں تبدیلی کے لئے ہوتا ہے۔ باقی دو لنک تب اپنا پورا کام سرانجام دیتے ہیں جب تھیم بناتے ہوئے ان کی سہولت تھیم میں رکھی گئی ہو۔ اس کے علاوہ تھیم بناتے ہوئے اگر ان جیسی مزید کئی ایک چیزوں کی سہولت رکھی گئی ہو تو وہ بھی Appearance کی ذیلی فہرست میں نظر آنا شروع ہو جاتی ہیں۔ اب ان چیزوں کی تھوری بہت تفصیل درج ذیل ہے۔

 
ویجٹس (Widgets)
یوں تو ویجٹس شامل کرنے کی سہولت بلاگ پر کئی ایک جگہوں پر رکھی جا سکتی ہے لیکن عام طور پر ویجٹس شامل کرنے کی سہولت تھیم کی سائیڈ بار میں ہوتی ہے۔ تھیم کی سائیڈبار میں کیا کیا نظر آئے وہ تھیم میں پہلے سے شامل ہوتا ہے لیکن ویجٹس کی سہولت اس لئے رکھی جاتی ہے کہ اگر کوئی اپنی مرضی کی سائیڈبار بنانا چاہے تو ویجٹس شامل کر کے بنا سکے۔ عام طور پر تھیم میں یہ سہولت اس طرح دی جاتی ہے کہ جب کوئی ویجٹس شامل ہو تو سائیڈبار میں پہلے سے نظر آنے والی چیزیں ختم ہو جائیں اور پھر ویجٹس کے مطابق سب کچھ ہو جائے۔ ویجٹس میں تبدیلی کرنے کے لئے ایڈمن پینل میں Appearance کی ذیلی فہرست میں سے Widgets کے لنک پر کلک کریں۔ یوں یجٹس کا مرکزی صفحہ کھل جائے گا۔ کئی تھیمز میں دو سائیڈبار ہوتی ہیں پھر دونوں میں ویجٹس کی سہولت ہوتی ہے اور ویجٹس کے مرکزی صفحہ پر دونوں سائیڈ بار کی سیٹنگ کی جا سکتی ہے۔ فرض کریں اگر سبز اردو تھیم استعمال کر رہے ہیں تو اس میں بھی دو سائیڈ بار ہیں اور دونوں میں ویجٹس شامل کرنے کی سہولت ہے۔ سبز اردو تھیم کو بلاگ پر لگانے کے بعد اگر ویجٹس کے مرکزی صفحہ آئیں گے تو نیچے والی تصویر جیسا نظر آئے گا۔

یہاں بائیں طرف جو جو ویجٹس استعمال کیے جا سکتے ہیں وہ موجود ہیں اور دائیں طرف جس جگہ بلاگ پر ویجٹس شامل ہو سکتا ہے وہ ہے۔ ویجٹس شامل کرنے کے لئے پہلے دائیں طرف سے جہاں ویجٹس شامل کرنے ہیں اسے تیر کے نشان سے کھولیں پھر بائیں طرف سے ویجٹس کو کلک کیے رکھیں اور کھینچ کر دائیں طرف اپنی مطلوبہ جگہ پر رکھ دیں۔ اس کے بعد ویجٹس کی اپنی ضرورت کے مطابق سیٹنگ کر لیں اور آخر پر Save کا بٹن دبا دیں۔ یوں ویجٹس بلاگ پر شامل ہو جائیں گے۔
کئی ایک ویجٹس ایسے ہوتے ہیں جیسے Text کا ویجٹس، جو صرف تحریر یا کوڈ کے لئے استعمال کیا جا تا ہے یعنی اس میں کوڈ لکھ دیا جاتا ہے لیکن بلاگ پر کوڈ کی بجائے کوڈ چلنے کے بعد کا نتیجہ نظر آتا ہے۔ یہ ویجٹس عام طور پر کسی دوسری ویب سائیٹ کا مواد جیسے فیس بک پروفائل وغیرہ دیکھانے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔

 
مینیوز (Menus)
مینیو کی سہولت اگر تھیم میں شامل ہو تو پھر ہی مینیو بنائی جا سکتی ہے۔ مختلف تھیمز میں یہ سہولت مختلف جگہوں پر ہوتی ہے۔ کسی تھیم میں اوپر ہوتی ہے تو کسی میں نیچے اور کئی تھیم میں اس کی سہولت ہوتی ہی نہیں۔ مینیو بنانے کے لئے ایڈمن پینل میں بائیں سائیڈبار میں Appearance کی ذیلی فہرست میں سے Menus کے لنک پر کلک کریں۔ یوں نیچے والی تصویر جیسا صفحہ کھلے گا۔

یہاں سب سے پہلے دائیں طرف مینیو کا نام لکھیں اور Create Menu کا بٹن دبا دیں۔پھر بائیں طرف سے اگر مینیو میں کوئی لنک شامل کرنا ہے تو وہ کر لیں یا بلاگ کی کیٹیگری یا اس طرح کا کچھ اور شامل کرنا ہے تو وہ کر لیں۔ اب اوپر والی تصویر میں میں نے مینیو میں ایک لنک لگایا ہے اور ساتھ ایک کیٹیگری لگائی ہے۔ اس کے بعد Save Menu کا بٹن دبا دیں۔ یوں مینیو بن جائے گی اور تھیم میں جس جگہ مینیو دیکھانے کی سہولت ہو گی وہاں مینیو نظر آنا شروع ہو جائے گی۔ کئی تھیمز میں ایک سے زیادہ مینیو کی سہولت بھی ہوتی ہے۔ ایسا تھیم استعمال کرنے کی صورت میں ایک سے زیادہ مینیو بھی بنائی جا سکتی ہیں۔

 
ایڈیٹر (Editor)
ایڈیٹر کے ذریعے تھیم کے کوڈ میں تبدیلی کی جا سکتی ہے۔ تھیم کے کوڈ میں تبدیلی کرنے کے لئے Appearance کی ذیلی فہرست میں سے Editor کے لنک پر کلک کریں۔ تھیم ایڈیٹر کا صفحہ کھلے گا اور یہاں پر جو تھیم چل رہا ہو گا اس کا کوڈ ہو گا۔ عام طور پر جب تھیم ایڈیٹر کھولتے ہیں تو تھیم کی style.css فائل کا کوڈ سامنے آتا ہے۔ جیسا کہ نیچے والی تصویر میں نظر آ رہا ہے۔

اب یہاں پر بائیں طرف کوڈ ہے اور دائیں طرف تھیم کی تمام فائلز کے نام موجود ہیں۔ جس فائل میں تبدیلی کرنی ہے اس کے نام پر کلک کرنے سے بائیں طرف اس فائل کا کوڈ ظاہر ہو جائے گا۔ جہاں تبدیلی کرنی ہے وہ کر لیں اور پھر Update File کا بٹن دبا دیں۔ یوں تبدیلی محفوظ ہو جائے گی۔
ویب سائیٹ بنانے کی زبانیں سی ایس ایس، پی ایچ پی اور ایچ ٹی ایم ایل کے ذریعے ورڈپریس تھیم بنایا جاتا ہے۔ اگر آپ کو ان زبانوں کی تھوری بہت سمجھ ہے تو پھر ہی آپ تھیم میں تبدیلی کر سکتے ہیں، نہیں تو یاد رکھیں ایک چھوٹی سی غلطی پورے کے پورے تھیم کو چلنے سے روک سکتی ہے۔ جو لوگ ان ویب سائیٹ بنانے والی زبانوں کے بارے میں جانتے ہیں تو ان کے لئے مشورہ ہے کہ اگر چھوٹی تبدیلی کرنی ہو تو پھر یہاں بھی کی جا سکتی ہے لیکن اگر زیادہ تبدیلیاں ہوں تو پھر بہتر یہی ہے کہ لوکل ہوسٹ پر ورڈپریس انسٹال کر لیں اور پھر تھیم میں تبدیلی کرنے کے بعد اس کا کوڈ یہاں کاپی کر لیں یا پھر ویسے ہی نیا تھیم انسٹال کر لیں۔
جو لوگ ورڈپریس کے انگریزی تھیم کو اردو میں تبدیل کرنا چاہتے ہوں وہ اردو محفل کے اس لنک پر دیکھیں۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

براہ راست 7 تبصرے برائے تحریر ”ورڈپریس بلاگ اور تھیم کوڈ میں تبدیلی کرنا

  1. بلال بھیا! ایک مسئلہ ہے، میں آپ کی سبز زیتون تھیم استعمال کررہا ہوں، جب میں اس میں کوئی ویجٹ استعمال کروں تو آپ کے دیے ہوئے لنکس غائب ہوجاتے ہیں، جب ویجٹ ختم کروں تو پھر سے نمودار۔ایسا کیوں ہوتا ہے؟

    محفوظات میں کلینڈر کی جو سیٹنگ آپ نے دی ہے، کہ مہینوں کو ڈراپ ڈاؤن لسٹ سے منتخب کیا جاسکے، میں یہ وجٹ استعمال کروں تو ڈراپ ڈاؤن لسٹ نہیں بنتی، کیا اس کے لیے الگ سے کچھ۔۔۔! کرنا ہوگا؟ :waiting:

  2. علی عامر کے تبصرہ کا جواب
    میری کاوش پسند کرنے کا بہت بہت شکریہ۔
    اللہ تعالیٰ آپ کو بے شمار خوشیاں دے۔۔۔آمین

    اقتباس» عطاء رفیع نے لکھا:
    بلال بھیا! ایک مسئلہ ہے، میں آپ کی سبز زیتون تھیم استعمال کررہا ہوں، جب میں اس میں کوئی ویجٹ استعمال کروں تو آپ کے دیے ہوئے لنکس غائب ہوجاتے ہیں، جب ویجٹ ختم کروں تو پھر سے نمودار۔ایسا کیوں ہوتا ہے؟
    محفوظات میں کلینڈر کی جو سیٹنگ آپ نے دی ہے، کہ مہینوں کو ڈراپ ڈاؤن لسٹ سے منتخب کیا جاسکے، میں یہ وجٹ استعمال کروں تو ڈراپ ڈاؤن لسٹ نہیں بنتی، کیا اس کے لیے الگ سے کچھ۔۔۔! کرنا ہوگا؟ :waiting:

    محترم میری بنائی ہوئی تھیم میں سائیڈبار کچھ اس طرح سے ہی بنائی گئی ہے کہ جب آپ ویجٹس استعمال کریں گے تو پہلے سے موجود چیزیں ختم ہو جائیں گی۔ کیونکہ پھر تو آپ اپنے طریقہ سے سائیڈ بار تیار کریں گے۔ اس لئے پہلے سے موجود چیزوں کی ضرورت نہیں رہتی۔ اگر آپ پہلے سے جو چیزیں سائیڈ بار میں‌موجود ہیں ان کے ساتھ ہی ویجٹس بھی شامل کرنا چاہتے ہیں تو بتائیں آپ کو تھیم میں تبدیلی کر کے ای میل کر دوں گا۔
    اس کے علاوہ کیلنڈر کے ساتھ مہینوں کو ڈراپ ڈاؤن مینیو سے جو منتخب کرنے کی سہولت ہے وہ میں نے خود سے شامل کی ہے جبکہ کیلنڈر ویجٹ میں یہ سہولت فی الحال موجود نہیں۔

  3. جواب کے لیے شکریہ۔ میں نے آپ کی سبز تھیم میں(بغیر اجازت) کچھ ترامیم کی ہیں۔آپ وقت ملنے پر ذرا ایک نظر ڈال کر مفید مشوروں سے نوازیئے گا۔ منتظر :youkiddingme:

  4. ایک اور بات۔۔۔! ماورائی فیڈ میں اپنے بلاگ کی فیڈ کیسے شامل کی جائے۔ مجھے اس سوال کے لیے کوئی مناسب جگہ نہیں ملی تو یہیں سوال داغ دیا۔ معذرت!

Leave a Reply to عطاء رفیع جواب منسوخ کریں۔

Your email address will not be published. Required fields are marked *