اپریل 2, 2011 - ایم بلال ایم
3 تبصر ے

ورڈ پریس بلاگ – عمومی ترتیبات (General Settings)

بلاگ بنانے کے بعد اپنی مرضی کے مطابق کچھ سیٹنگز کرنی پڑ سکتی ہیں۔ عام طور پر ورڈپریس کی انسٹالیشن کے ساتھ ہی جو سیٹنگ ہوتی ہیں وہ عام بلاگر کے لئے بالکل ٹھیک ہوتی ہیں لیکن وقت کے ساتھ ساتھ کچھ سیٹنگز کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ جیسے تبصروں کی موڈریشن، بلاگ کا عنوان اور ذیلی عنوان، تاریخ، صفحہ اول پر تحاریر کی تعداد اور اسی طرح کی دیگر کئی ایک سیٹنگ وغیرہ وغیرہ۔ کیونکہ یہ ایک بنیادی ٹیوٹوریل ہے اس لئے بنیادی معلومات جن کی ایک عام بندے کو ضرورت ہوتی ہے وہ لکھیں گے۔
 
جنرل سیٹنگز (General Settings)
بلاگ کے ایڈمن پینل میں لاگ ان ہوں۔ بائیں سائیڈ بار میں Settings کی ذیلی فہرست میں General کے لنک پر کلک کر دیں۔ نیا صفحہ کھلے گا۔ یہاں پر بلاگ کی جنرل سیٹنگز ہوں گی۔ تصویر میں ہر سیٹنگ کو ایک خاص نمبر دیا گیا ہے اور اسی کے مطابق نمبر دے کر ان کی تفصیل لکھی ہے۔

1:- بلاگ کا عنوان اور تفصیل (Site Title and Tagline)
بلاگ کا عنوان Site Title میں ہوتا ہے جو ورڈ پریس انسٹال کرتے ہوئے دیا جاتا ہے۔ یہ بعد میں تبدیل بھی کر سکتے ہیں۔ اس کے نیچے ہی Tagline ہوتا ہے۔ اسے آسان الفاظ میں بلاگ کے عنوان کی تھوڑی سی تفصیل کہہ سکتے ہیں یا پھر ذیلی عنوان بھی کہہ سکتے ہیں۔ سائیٹ ٹائیٹل اور ٹیگ لائن عام طور پر تھیم میں ایک دوسرے کے ساتھ ساتھ یا بہت قریب رکھے جاتے ہیں۔
 
2:- ای میل ایڈریس (E-mail address)
یہاں پر وہی ای میل ایڈریس ہوتا ہے جو ورڈپریس انسٹال کرتے یعنی بلاگ بناتے ہوئے دیا جاتا ہے۔ یہاں جو ای میل دیا ہو وہ ایڈمن کے لئے استعمال ہوتا ہے۔ جس پر نئے یوزر بننے کی اطلاع اور نئے تبصرے/رائے وغیرہ کی اطلاع بذریعہ ای میل موصول ہوتی ہے۔ یہ ایڈریس بعد میں تبدیل بھی کیا جا سکتا ہے۔
 
3:- ممبر شپ (Membership)
اگر چاہتے ہیں کہ ہر کوئی بلاگ کا رجسٹرڈ یوزر بن سکے یعنی بلاگ پر اپنا اکاؤنٹ بنا سکے تو پھر Membership کے Anyone can register کے چیک باکس کو منتخب کر دیں اور New User Default Role میں سے اس کو جواختیارات دینا چاہتے ہیں وہ منتخب کر دیں۔ جیسے آپ چاہتے ہیں کہ صرف لوگ تبصرے/رائے دینے کے لئے ہی اکاؤنٹ بنا سکیں تو پھر نیو یوزر ڈیفالٹ رول میں Subscriber منتخب کر دیں۔ اسی طرح مزید یوزر رول ہوتے ہیں جو یوزر کو مختلف اختیارات دیتے ہیں۔ یوزر رول کی تفصیل کے بارے میں جاننے کے لئے یہاں دیکھیں۔
 
4:- وقت اور تاریخ (Time and Date)
اپنے علاقے کا یا جہاں کا وقت آپ رکھنا چاہتے ہیں اسے Timezone میں سے منتخب کریں۔ جب بھی کوئی پوسٹ یا تبصرہ ہو گا تو جو Timezone دیا ہو گا وقت اور تاریخ اس کے مطابق ظاہر ہو گا۔ پاکستان میں رہنے والے اس فہرست میں سے Karachi یا پھر UTC+5 منتخب کریں۔
Date Format کے آگے کچھ تاریخ دیکھانے کے طریقے لکھے ہیں آپ جس طریقہ سے تاریخ دیکھانا چاہتے ہیں اس طریقے کے ریڈیو بٹن کو منتخب کر دیں یا پھر خود اپنی مرضی کی تاریخ دیکھانے کے لئے Custom کے ریڈیو بٹن کو منتخب کریں اور ساتھ والے ٹیکسٹ باکس میں مطلوبہ معلومات درج کریں۔ یہ معلومات کیسے درج کرنی ہیں اس کے لئے ساتھ ہی Documentation on date and time formatting کا لنک ہے وہاں جا کر مزید تفصیل دیکھ سکتے ہیں۔
Date Format کی طرح ہی Time Formatہے یعنی جس طرح کا آپ وقت دیکھانا چاہتے ہیں اس ریڈیو بٹن کو منتخب کر لیں۔
Week Starts On کا مطلب ہے کہ جس علاقہ میں آپ رہتے ہیں یا پھر آپ کا نیا ہفتہ جس دن سے شروع ہوتا ہے وہ منتخب کر دیں۔ یہ سیٹنگ عام طور پر بلاگ پر کیلنڈر کی ترتیب دیکھانے کے لئے ہوتی ہے۔
 
جب بھی کوئی تبدیلی کریں گے۔ وہ تب تک محفوظ نہیں ہو گی جب تک سب سے نیچے نظر آنے والے Save Changes کے بٹن پر کلک نہیں کریں گے۔ اس لئے جب بھی کوئی تبدیلی کر کے محفوظ کرنا چاہیں تو Save Changes کا بٹن ضرور دبائیں۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

براہ راست 3 تبصرے برائے تحریر ”ورڈ پریس بلاگ – عمومی ترتیبات (General Settings)

تبصرہ تحریر کریں۔

Your email address will not be published. Required fields are marked *