دسمبر 24, 2011 - ایم بلال ایم
23 تبصر ے

اردو اور اینڈرائڈ موبائل

گوگل نے موبائل فون اور ٹیبلٹ کمپیوٹر (Tablet Computer) وغیرہ کے لئے ایک اوپن سورس آپریٹنگ سسٹم، اینڈرائڈ (Android) بنایا۔ 2008ء میں ایچ ٹی سی ڈریم (HTC Dream) پہلا موبائل تھا، جس میں اینڈرائڈ آپریٹنگ سسٹم تھا۔ اس کے بعد اینڈرائڈ نے بہت تیزی سے ترقی کی۔ آج کل اینڈرائڈ نے مارکیٹ میں اپنا ایک نام بنا لیا ہے اور زیادہ تر اچھے و مہنگے موبائلوں میں یہی آپریٹنگ سسٹم آ رہا ہے۔ اینڈرائڈ کے کئی ایک ورژن آ چکے ہیں۔ شروع کے ایک دو ورژن اینڈرائڈ کے اپنے نام سے ہی تھے لیکن بعد کے ورژن ہیں تو اینڈرائڈ ہی لیکن مختلف ناموں سے موسوم کر دیئے گئے ہیں۔ یہ ایک چھوٹا سا جدول اینڈرائڈ کی تاریخ اور دیگر چیزیں کافی اچھی طرح واضح کر دے گا۔

اینڈرائڈ آپریٹنگ سسٹم

نام نام ورژن نمبر تاریخ اشاعت
Android اینڈرائڈ 1.0 ستمبر 2008ء
Android اینڈرائڈ 1.1 فروری 2009ء
Cupcake کپ کیک 1.5 اپریل 2009ء
Donut ڈونٹ 1.6 ستمبر 2009ء
Eclair ایکلیئر 2.1/2.0 اکتوبر 2009ء/جنوری 2010ء
Froyo فرویو 2.2.x مئی 2010ء
Gingerbread جنجربریڈ 2.3.x دسمبر 2010ء
Honeycomb ہنی کمب 3.x فروری 2011ء
Ice Cream Sandwich آئس کریم سینڈوچ 4.x اکتوبر 2011ء


جدول میں صرف اہم ورژن لکھے ہیں، باقی کئی ورژن کی کافی ساری اپڈیٹس آئیں، جیسے جنجر بریڈ کے تقریباً سات مزید ورژن آئے۔

خیر یہ تمہید اس لئے باندھی ہے کہ اگر آپ کو نہیں پتہ تو اندازہ ہو جائے کہ یہ اینڈرائڈ ہے کیا بلا۔۔۔ اب آتے ہیں اصل بات کی طرف۔ اینڈرائڈ میں یونیکوڈ کی سہولت غالباً شروع دن سے موجود ہے یا پھر کم از کم فرویو 2.2.2 سے تو لازم موجود ہے کیونکہ یہ میں نے خود دیکھی ہے اور اس پر تھوڑے بہت تجربات بھی کیے ہیں۔

اینڈرائڈ میں یونیکوڈ کی سہولت تو موجود ہے لیکن کئی اینڈرائڈ موبائلوں پر اردو کی جگہ ڈبے بن جاتے ہیں یا الفاظ ٹوٹ جاتے ہیں اور ساتھ ساتھ کئی موبائلوں پر الفاظ کی ترتیب بھی الٹ جاتی ہے یعنی موبائل پر اردو پڑھنے کی سہولت نہیں ہوتی۔ مگر کئی موبائلوں پر اردو بالکل ٹھیک پڑھی جاتی ہے اور کئی پر تو اردو لکھنے کی سہولت بھی موجود ہوتی ہے۔ جن موبائلوں پر اردو پڑھنے کی سہولت نہیں ہوتی دراصل ان میں اردو کا بہتر فانٹ موجود نہیں ہوتا اور بعض میں فانٹ تو ہوتا ہے لیکن حروف جوڑنے کی سپورٹ موجود نہیں ہوتی۔

موبائل بنانے والی کمپنیاں مختلف علاقوں کے لئے مختلف موبائل (سافٹ ویئر) بناتی ہیں اور پھر انہیں علاقوں کے حساب سے اس میں زبانوں کی سہولت دیتی ہیں۔ موبائل کا ماڈل وہی ہوتا ہے لیکن جوایشیاء وغیرہ کے لئے بنایا جاتا ہے اس میں ایشیاء کی زبانوں کی سہولت ہوتی ہے اور جو یورپ وغیرہ کے لئے ہوتا ہے اس میں یورپ کی زبانوں کی سہولت ہوتی ہے۔ بالکل اسی طرح اینڈرائڈ موبائلوں میں بھی ہو رہا ہے۔ ایشیاء والے ماڈل میں ایشیاء کی زبانوں کے بہتر فانٹ اور سپورٹ رکھی جاتی ہے تو دیگر علاقوں کے لئے بنائے گئے موبائلوں میں ان علاقوں کے حساب سے زبانوں کی سہولت رکھی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ کئی کمپنیاں زیادہ سے زیادہ زبانیں پڑھنے کی سہولت (فانٹ) تو رکھ دیتی ہیں لیکن لکھنے کی سہولت صرف اس علاقے کی زبانوں کی رکھتی ہیں جس علاقے کے لئے موبائل بنایا ہوتا ہے۔ ان عجیب و غریب حالات میں اردو کے حوالے سے سہولت ہونے یا نہ ہونے والے موبائلوں کو میں تین زمروں میں تقسیم کرتا ہوں اور پھر اپنے محدود علم کے مطابق اردو لکھنے پڑھنے کی سہولت شامل کرنے کا طریقہ بتا دیتا ہوں۔ سب سے پہلے تو آپ اپنا موبائل دیکھیں کہ وہ کس زمرہ میں آتا ہے اور پھر اسی حساب سے اس کا حل کیجئے، اگر کر سکتے ہیں تو۔۔۔

آپ کا موبائل کس زمرہ میں آتا ہے یہ جاننے کے لئے پہلے آپ کو اردو مواد تھوڑا بہت دیکھنا ہو گا۔ اردو پڑھنے کی سہولت موجود ہے یا نہیں یہ جاننے کے لئے یا تو کسی دوست کو کہیں کہ وہ آپ کو خاص اردو میں ایس ایم ایس کرے یا پھر آپ اپنے موبائل پر کوئی اردو ویب سائیٹ کھولیں، ویسے آپ میرا بلاگ بھی کھول سکتے ہیں۔ 🙂 یاد رہے ویب سائیٹ موزیلا فائر فاکس یا اسی طرح کے کسی براؤزر میں نہیں کھولنی بلکہ موبائل کے اپنے براؤزر میں کھولنی ہے۔ اس کے علاوہ اردو لکھنے کی سہولت جاننے کے لئے اپنے اینڈرائڈ موبائل کی Settings میں جائیں اور پھر اپنے موبائل اور اس کے سافٹ ویئر کے مطابق Local and Text یا Language & Keyboard یا اس سے ملتی جلتی آپشن میں جائیں۔ دراصل یہ مختلف کمپنیوں اور اینڈرائڈ کے مختلف ورژن کے حساب سے مختلف ناموں سے ہوتی ہیں۔ خیر اس کے بعد Select Input Method یا International Keyboard یا اس سے ملتی جلتی آپشن میں جائیں۔ مزید یہاں آپ Keypad یا Input Languages یا Writing Languages یا اس سے ملتی جلتی آپشن کی فہرست میں دیکھیں کہ ”اردو“ موجود ہے یا نہیں۔ اگر اردو موجود ہے تو سمجھ جائیں کہ آپ کا اینڈرائڈ موبائل اردو لکھنے اور پڑھنے کی مکمل سہولت دیتا ہے۔ خیر یہ سب معلوم کرنے کے بعد دیکھیں کہ آپ کا موبائل درج ذیل کس زمرہ میں آتا ہے۔

1:- اردو ٹھیک پڑھی اور لکھی جاتی ہے۔

جب اردو ٹھیک پڑھی اور لکھی جاتی ہے تو پھر یہاں کیا کرنے آئے ہیں۔ معذرت جناب! بس مذاق کیا ہے۔ خیر آپ سب سے خوش قسمت زمرہ میں ہیں، اگر آپ کو اردو کی سیٹنگ کرنی ہے تو اس کے لئے اینڈرائڈ موبائل پر اردو کیبورڈ کی سیٹنگ والی تحریر پڑھیں اور پھر موبائل پر اردو کے مزے ای مزے۔۔۔

2:- اردو ٹھیک پڑھی جاتی ہے لیکن لکھی نہیں جا سکتی۔

آپ دوسرے نمبر پر آتے ہیں لیکن خوش قسمت ہی ہیں کیونکہ آپ آسانی سے اردو لکھ سکیں گے اور اس کا حل بڑا آسان ہے۔ اینڈرائڈ کے لئے فونیٹک اردو کیبورڈ لے آؤٹ والی تحریر دیکھیں۔

3:- اردو ٹھیک پڑھی نہیں جاتی۔

جب اردو ٹھیک پڑھی نہیں جاتی تو پھر لکھیں گے کہاں سے۔ آپ کی حالت انتہائی نازک ہے۔ آپ تو میری بھی اچھی بھلی کلاس لیں گے۔ ویسے کس نے مشورہ دیا تھا کہ ایسا موبائل خریدو؟ اگر کسی کزن یا عزیز نے باہر سے بھیجا ہے تو ایسا موبائل اس کے ”متھے مارو“۔اگر ایسا نہیں کر سکتے تو پھر زیادہ فکر بھی نہ کرو کیونکہ آپ کے لئے بھی حل ڈھونڈا ہے لیکن جناب منزل تو خوبصورت ہے مگر سفر تھوڑا مشکل ہے۔ خیر اینڈرائیڈ میں اردو سپورٹ شامل کرنے کے لئے یہاں دیکھیں۔

اردو لکھنے کی سہولت تلاش کرنے میں اگر کوئی مشکل ہو اور آپ مجھ سے پوچھنا چاہتے ہوں تو برائے مہربانی اپنے موبائل کی کمپنی، ماڈل اور اینڈرائڈ کا ورژن ضرور لکھیں مزید Settings والی فہرست کے بعد جو جو آپشن آتی ہیں وہ بھی ضرور لکھیں۔

یار لوگ کہتے ہیں کہ میں بلاگ باقاعدگی سے نہیں لکھتا۔ بات تو ان کی ٹھیک ہے لیکن باقاعدگی سے کیسے لکھوں؟ اب میں خبریں شائع کرنے سے تو رہا۔ خیر اسی تحریر کو دیکھ لیں، ان سب باتوں کی تفصیل پتہ کرنے میں پورا ایک مہینہ لگ گیا۔ اوپر سے تجربات کرتے ہوئے ایک دوست کے سام سنگ گلیکسی ایس 1 کو بھی خراب کر دیا اور پھر بڑا نقصان ہوتے ہوتے بچا۔ اس ”قربانی“ کے لئے میں اپنے دوست عبدالستار کا نہایت ہی شکر گزار ہوں۔ جس نے اردو کے لئے اپنا موبائل رضاکارانہ طور پر پیش کیا۔ ویسے آج کل یہی حضرت اپنا ایچ ٹی سی ڈیزائر ایس پیش کر رہے ہیں، لیکن اب مجھے خود ڈر آ رہا ہے۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

براہ راست 23 تبصرے برائے تحریر ”اردو اور اینڈرائڈ موبائل

  1. السلام علکیم

    آپ کی ہر پوسٹ بہت اچھی اور معلوماتی ہوتی ہے۔

    اللہ آپ کے علم ، عمل ، اخلاق اور ایمان میں برکتیں نازل فرمائے۔ آمین

    ہمیشہ خوش رہیں۔

  2. اچھا کام کر رہے ہیں، مستقبل میں میرا ارادہ اینڈرائیڈ کے مواجہ کا ترجمہ ہے جس میں یقیناً آپ کی تحقیق کام آئے گی.. لگے ہاتھوں اس کی تنصیب کی بابت بھی کچھ تحقیق کر لیں..

  3. مرشد!
    تیرے کو تو معلوم ہے کہ میرا فون نازک زمرے میں آتا ہے۔ تفصیل تیرے کو لکھ بھیجی تھی۔ اس کی درد کا بھی کچھ تعویز کر۔ :pray:

  4. اینڈرائڈ مارکیٹ میں‌ایک ایپلیکیشن ہے، گو کیبورڈ۔ اس کے اردو پلگ ان کی مدد سے میں‌اپنے اینڈرائڈ پہ اردو لکھ سکتا ہوں۔ مختلف تھیموں‌کے ساتھ تجربے کے بعد ایک عدد ایسی تھیم ملی ہے جو اردو الفاظ کو صاف صاف پیش کرتی ہے، لہذا میں‌اب اور تجربے نہیں‌کر رہا۔

  5. بلال صاحب آپ صرف بلاگ ہی لکھیں کیوں کہ اس طرح ہمیں کچھ کرییٹو پڑنے کو ملتا ہے باقی خبریں پڑنے کے لئے کئی نامے بلاگ کام کر رہے ہیں جن کو کاپی پیسٹ بہت اچھا کرنا آتا ہے۔ یہیں پر ہمیں کوالٹی اور کوانٹٹی کا فرق بھی نظر آ جاتا ہے۔ اللہ آپ کو خوش رکھے۔

  6. لوگ کہتے ہیں کہ میں بلاگ باقاعدگی سے نہیں لکھتا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

    کون کمبخت یہ کہتا ہے :angry: :angry: :angry: :angry:

    استاد جی۔۔۔ آپ کی ایک تحریر دوسروں کے ہزاروں پر بھاری ہے ۔۔ ۔۔ :love: :love: :love:

  7. میں نے سام سنگ کا گیلکسی نوٹ موبائل لیا ہے لیکن اس میں اردو نہ تو لکھی جاتی ہے اور نہ ہی پڑھی، کوئی حل میرے بھائی ؟؟؟؟؟؟

  8. بلال میرا فون تیسرے زمرے میں آتا ہے۔ اور میں واپس متھے بھی نہیں مار سکتی کیونکہ خود فرمائش کر کے لیا ہے۔ اس میں لینگوئج سپورٹ یورپین لینگوئجز کی ہے۔ اردو میں صرف اور صرف بی بی سی اردو کی ویب سائٹ پر پڑھ سکتی ہوں جنہوں نے ایک آپشن رکھا ہوا ہے ‘پڑھنے میں دشواری’ والا۔ ورنہ میرے سیٹ پر الٹی لکھی اردو دکھتی ہے اور ٹوٹی ہوئی بھی۔
    فون سیم سنگ گیلیکسی ایس ٹو ہے۔ سیٹنگ کی فہرست میں ان پٹ لینگوئج اور کی بورڈ کے آپشنز یورپین لینگوئجز کے ہی ہیں۔

  9. محترم بلال صاحب بندہ انگریزی سے کچھ واقف ہے اردو سائٹ سرچ کرتے ہوئے جناب کی سائٹ کا وزٹ کیا اور پاک اردو انسٹالر لیکر ازمایا بہت فائدہ ہوا لیکن جس طرح کی اردو جناب کی سائٹ پر لکھ رہا ہے ایسی ہمارے پاس نہیں لکھ رہا امید ہے کہ رہنمائی فرمائیں گے ابو حمزہ

    1. محترم میری ویب سائیٹ پر اردو کے لئے جمیل نوری نستعلیق فانٹ استعمال ہو رہا ہے۔ آپ نے دیگر جہاں کہیں بھی اردو لکھنی ہو تو اس کا فانٹ جمیل نوری نستعلیق کریں گے تو وہاں پر بھی اردو تحریر میری ویب سائیٹ جیسی ہو جائے گی۔

  10. السلام علیکم!
    محترم بلال صاحب! بلا تمہید سب سے پہلے میں اردو زبان کو ڈیجیٹل دنیا میں ایک نمایاں مقام دینے کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں آپ اور آپ جیسے دوسرے سچے پاکستانیوں اور غیرملکیوں کے خدمات کا بےحد شکریہ ادا کرتا ہوں۔
    اور اب اس کے بعد کچھ اپنی راگ الاپتےہیں۔ کافی عرصے سے اینڈرائیڈ میں اردو سپورٹ کے بارے میں انٹرنیٹ کے سمندر میں ہاتھ پاؤں مارتارہا۔۔۔لیکن کیکڑوں کے سوا کچھ ہاتھ نہ آیا۔ بے حد مایوس ہوا۔ مگر خوش قسمتی کے آج شاکر عزیز صاحب کےبلاگ پر عارف عمار صاحب نے گلہ شکوہ کیا تھا کہ میں اردو اس لیے نہیں لکھ سکتا کہ میرے پاس اس کے لیے اوزار نہیں۔ چونکہ بندہ خاصےعرصہ پہلے آپ کی ویب سائٹ پر نظرِ مسّرت ڈال چکا تھا لہذا فورا آپ کی ویب سائٹ پردہ خیال پر نمودار ہوئی۔ آیا اور آپ کے ویب سائٹ کا ربط ان کو دےدیا۔ اسی اثنا میں “میرا بلاگ” پر نظر پڑی اور جھپٹ کر کلک کردیا۔ کیا دیکھتا ہوں کہ “اینڈرائیڈ میں اردو سپورٹ” ۔۔۔۔۔۔۔۔۔َِ؟ واہ ہماری تو بانچھیں کھل گئیں! تمام تحاریر اسی وقت پڑھی اور دل سے دعائیں دینے لگے۔ شکریہ بلال صاحب!
    اس بات کو “آدھے” میں چھوڑ کر اب ایک انتہائی اہم گزارش یہ ہے کہ آپ کے علم میں ہوگاکہ اردو میں زبان میں سائنس وٹیکنالوجی پر مبنی واحد عالمی شہرت یافتہ رسالہ “گلوبل سائنس” ہے۔ جس کی ٹیم کی خدمات آپ لوگوں کی طرح اردو اور پاکستانیوں کے ساتھ تمام عالم اسلام کےلیے سرمائہ افتخار ہے۔ لہذا گزارش ہے کہ آپ اپنی ان تمام مضامین کو ایک ایک کر کے “گلوبل سائنس” کی زینت اور “گلوبل سائنس”کے سچے پاکستانی قارئین کے استفادے کےلیے جلد از جلد روانہ کریں۔
    اختیاطا ان کا ای میل پتا یہاں درج کررہاہوں:
    globalscience@yahoo.com
    ویب سائٹ:
    http://www.globalscience.com.pk
    ایک بار پھر شکریہ!
    والسلام
    محمد آصف، کراچی

    1. میری کاوش پسند کرنے اور میرے لئے نیک خواہشات کا بہت بہت شکریہ۔
      جی پہلے بھی کافی دوستوں نے اس طرف توجہ دلائی تھی اور ایک دفعہ تحریر گلوبل سائنس کو بھیجی بھی تھی اور انہوں نے سرورق پر لگائی، جس کے لئے میں ان کا مشکور ہوں۔ باقی ارادہ تو تھا کہ مزید تحاریر بھیجوں لیکن سستی کا مارا بلال یہاں بھی سستی ہی کر گیا۔ خیر ان شاء اللہ جلد ہی انہیں مزید تحاریر بھیجتا ہوں۔

  11. بلال بھیا کم مگر پُر اثر پر یقین رکھتا ہوں۔۔۔ لہٰذا کوئی مسئلہ نہیں۔۔۔ آپکی کارآمد تحاریر ہی ہمیں آپکے در پر لے کر آتی ہیں 🙂

  12. اپنے اینڈرائڈ موبائل سے اردو لکھنے کے لئے Play Store سے Urdu Pride Editor ڈاونلوڈ کریں ، یہ آپ کی رومن اردو کو خودبخود اردو فونٹ میں تبدیل کر دے گا آپ اپنے تحریری مواد کو سلیکٹ کرنے کے بعد کسی بھی جگہ پیسٹ کر سکتے ہیں

  13. بلال بھائی اردو تو الحمداللہ لکھ اور پڑے سکتا ہوں مگر فانٹ کو نستعلیق کیسے بناوں؟ کچھ رہنمائی فرمادیں۔ مشکور رہوں گا۔

Leave a Reply to عاطف خان جواب منسوخ کریں۔

Your email address will not be published. Required fields are marked *