جون 15, 2013 - ایم بلال ایم
26 تبصر ے

پاک اردو انسٹالر کے دو سال

اللہ کے نام سے ابتدا، جو مہربان اور نہایت رحم کرنے والا ہے، وہ دلوں کے بھید خوب جانتا ہے۔

دو سال قبل آج ہی کے دن آپ سب کا ”پاک اردو انسٹالر“ ریلیز ہوا۔ تب کئی دن رات کام کرنے کے بعد 15 جون 2011ء کی صبح 7 بج کر 27 منٹ پر جب بلاگ پوسٹ شائع کی تو مجھے اندازہ نہیں تھا کہ یہ کتنی اہم چیز ریلیز کر رہا ہوں۔ جیسے دیگر اردو پروجیکٹ شائع کرتا بالکل ایسے ہی یہ بھی کر دیا۔ لیکن جلد ہی پاک اردو انسٹالر استعمال کرنے والوں اور دوست احباب کی طرف سے حوصلہ افزائی دیکھ کر خوشی ہوئی اور اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ادا کیا کہ اس نے یہ کام میرے ہاتھوں کروایا۔

پاک اردو انسٹالر بناتے ہوئے مجھے امید تھی کہ یہ کئی لوگوں کے کام آئے گا لیکن جو صورت حال آج ہے اس کا کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ اتنی بڑی تعداد پاک اردو انسٹالر استعمال کرے گی اور یہ اردو کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ جس دن پاک اردو انسٹالر ریلیز ہوا تو پہلے چوبیس گھنٹوں میں تقریباً سو کے قریب ڈاؤن لوڈ ہوا۔ اس کے بعد روزانہ ڈاؤن لوڈ کی اوسط تعداد 30 سے 40 تک رہی، جو آہستہ آہستہ بڑھتی رہی اور پانچ مہینوں میں 80 سے 100 تک پہنچ گئی۔ دوست احباب اور اردو سے پیار کرنے والوں نے اس کی خوب تشہیر کی اور اس کا پھیلاؤ دن بدن بڑھتا گیا۔ آج کل روزانہ ڈاؤن لوڈ کی اوسط تعداد 400 سے 500 تک ہے اور دن بدن اس میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ان دو سال میں پاک اردو انسٹالر کل ایک لاکھ باسٹھ ہزار (162,000) سے زائد مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا گیا۔

یہ سارے اعدادوشمار صرف ایم بلال ایم ڈاٹ کام کے ہیں۔ باقی لوگوں نے جو اِدھراُدھر اپلوڈ کر دیا تھا اس کے متعلق کچھ نہیں کہہ سکتا۔ ویسے یار لوگوں کو بہت کہا کہ اِدھراُدھر اپلوڈ نہ کرو بلکہ ایک ہی جگہ کا لنک دو تاکہ ایک تو اعدادوشمار کا ٹھیک اندازہ ہو سکے اور دوسرا جب بھی کوئی ڈاؤن لوڈ کرے تو اسے تازہ ترین ورژن ہی ملے کیونکہ جو اِدھراُدھر اپلوڈ ہے اسے لوگ پابندی سے اپڈیٹ نہیں کر پاتے۔ خیر کئی لوگ پھر بھی باز نہ آئے۔ آپ کو یہ جان کر حیرانی ہو گی کہ کئی لوگوں نے پاک اردو انسٹالر اپنے نام سے اپلوڈ کر کے واہ واہ سمیٹی۔ حتی کہ ایک دو جگہوں پر تو میں بھی انہیں داد دے آیا۔ 😀 خیر ایسے لوگ ہر جگہ ہوتے ہیں اور اس طرح کی چوری ہونا ہمارے ہاں کوئی بڑی بات نہیں۔ بہرحال پاک اردو انسٹالر اپنے آغاز سے ہی سافٹ ویئرز کی مشہورِزمانہ ویب سائیٹس سی نیٹ اور سافٹ پیڈیا پر بھی دستیاب ہے۔ مزید اس کی آسان ترین فراہمی کے لئے خاص طور پر ڈاؤن لوڈنگ کا صفحہ بنایا گیا۔ جس پر چھ کے قریب مختلف لنکس دیئے گئے تاکہ اگر کسی وجہ سے ایک لنک کام نہ کر رہا ہو تو کسی دوسرے سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکے۔ اگر تمام لنکس میں مسئلہ جو کہ نہ ہونے کے برابر ہے، لیکن احتیاط کے طور پر ایسا ای میل نظام بنایا کہ اگر تمام کے تمام لنکس میں مسئلہ ہو تو جس کو مسئلہ ہے وہ ای میل بھیج دے اور اسے پاک اردو انسٹالر بذریعہ ای میل بھیجا جا سکے۔ اس کے علاوہ اسے ہر انداز میں پیش کیا گیا۔ جیسے تصویری اردو، انگریزی اور ویڈیو۔ تاکہ کوئی جس انداز میں بھی اردو لکھنے کے متعلق تلاش کرے تو اسے مل سکے۔ پاک اردو انسٹالر نے اتنی مقبولیت حاصل کی کہ 2012ء کا تقریباً سارا سال گوگل پاکستان تلاش میں اردو کے متعلق مختلف ”کی ورڈز“ پر پاک اردو انسٹالر کی Suggestion دیتا رہا۔ جیسے ”urdu in“ اور ”pakistan urdu“ وغیرہ وغیرہ لکھنے پر ”Pak Urdu Installer“ کا مشورہ دے دیتا۔

بہت زیادہ لوگوں نے اردو کی محبت میں پاک اردو انسٹالر کو اپنا سمجھ کر خوب تشہیر کی۔ حقیقت بھی یہی ہے کہ یہ سب اردو والوں کا ہے۔ اگر میں نے تشہیری مہم کے لئے کہیں اپنی کوئی رائے دی تو صرف اس لئے دی کہ تشہیر اچھے طریقے سے ہو اور لمبے عرصے تک کارآمد رہے۔ بہرحال پاک اردو انسٹالر کی تشہیر کے لئے کئی طریقے اپنائے گئے۔ سب سے پہلے تو پاک اردو انسٹالر کے بینر بنائے تاکہ مختلف ویب سائیٹس اور بلاگز کے مالکان آسانی سے بینر لگا کر اردو کی ترویج میں حصہ لے سکیں۔ اردو بلاگستان کی اکثریت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ جنہوں نے اس کام میں بڑھ چڑھ کر حصّہ لیا اور تشہیر کی ”آخیر“ کر دی۔ جنہوں نے بینر لگائے ان کی حوصلہ افزائی کے لئے پاک اردو انسٹالر میں ان کے لنک شامل کیے گئے۔ یوں پاک اردو انسٹالر جس جس تک پہنچتا ہے اس تک وہ لنک بھی پہنچ جاتے ہیں۔ اب بھی جو بینر لگا کر اطلاع دیتا ہے اس کا لنک بھی شامل کر دیا جاتا ہے۔ جو لنک شامل ہو چکے ہیں وہ آپ بلاگرز فہرست میں دیکھ سکتے ہیں۔ اگر کسی نے بینر لگایا ہوا ہے اور اس کا لنک اس فہرست میں شامل نہیں تو برائے مہربانی اطلاع کریں۔

پتہ نہیں مجھے پاک اردو انسٹالر کی تشہیر کرنے والوں کا شکریہ ادا کرنا چاہئے یا یہ ان کا فرض تھا اور مجھے انہیں مبارکباد دینی چاہئے۔ بہرحال سب سے پہلے ابوشامل کا ذکر کرنا چاہوں گا جنہوں نے باقاعدہ سی ڈیز بنا کر مفت تقسیم کیں، ایکسپریس کے سنڈے میگزین میں بھی پاک اردو انسٹالر کا ذکر کروایا اور وقتاًفوقتاً نہایت قیمتی مشورے بھی دیئے۔ ایک دن اچانک ڈاؤن لوڈنگ کی تعداد بڑھنے لگی۔ میں حیران ہو گیا کہ یہ اچانک ایک ساتھ اردو والوں کو کہاں سے پاک اردو انسٹالر کا خیال آ گیا۔ سوچا ضرور کہیں کوئی اردو کا عاشق تشہیر کر رہا ہو گا۔ دوسرے دن معلوم ہوا کہ وہ جناب عامر شہزاد تھے جنہوں نے ایک رات میں تقریباً ایک ہزار لوگوں تک پاک اردو انسٹالر پہنچا دیا۔ جزاک اللہ۔۔۔ مزید محمد اسد، یاسر عمران مرزا اور میرے ہم نام محمد بلال خان ہیں جنہوں نے وقتاً فوقتاً سوشل میڈیا پر پاک اردو انسٹالر کی تشہیر کے لئے بینر بنائے۔ ان کے علاوہ بہت زیادہ لوگ ہیں جنہوں نے پاک اردو انسٹالر کو سوشل میڈیا پر ٹویٹ اور شیئر کیا۔ فیس بک کے کئی بڑے بڑے پیجز نے پاک اردو انسٹالر شیئر کیا جن میں سے اپنی زبان اردو، ڈنگہ لیکس اور اشفاق احمد ابھی ذہن میں ہیں۔ یہاں عمر بنگش کا ذکر کرنا چاہوں گا کیونکہ میری معلومات کے مطابق یہ واحد اردو بلاگر ہیں جنہوں نے اپنے بلاگ کے ہیڈر میں پاک اردو انسٹالر کو جگہ دی ہے۔

پاک اردو انسٹالر صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ دنیا کے کئی ممالک میں استعمال ہو رہا ہے۔ ان میں بالترتیب ہندوستان، سعودی عرب، امریکہ، متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور کینیڈا وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ مانچسٹر یونیورسٹی میں اردو کے استاد شیراز علی نے برطانیہ میں پاک اردو انسٹالر کی خوب تشہیر کی۔ انہوں نے مانچسٹر یونیورسٹی کے ساتھ ساتھ کئی دوسرے اداروں تک پاک اردو انسٹالر پہنچایا اور کمپیوٹر پر اردو لکھنے کی باقاعدہ تربیت دی۔ اسی طرح دیگر ممالک میں بھی اردو سے محبت کرنے والے اردو کی ترویج کے لئے کوشاں ہیں۔ مزید پاکستان کے مشہور اردو رسالے ”گلوبل سائنس“ کا ذکر کرنا چاہوں گا جنہوں نے اپنے ایک شمارے میں پاک اردو انسٹالر کو سرورق پر جگہ دی۔ میں ہر اس اس بندے کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جس نے اپنی ویب سائیٹ، بلاگ، سوشل میڈیا یا کسی بھی حوالے سے پاک اردو انسٹالر کی تشہیر کی۔ اس تشہیر کا نتیجہ آپ لوگوں کے سامنے ہے کہ آج کتنی بڑی تعداد اردو لکھ رہی ہے۔ پاک اردو انسٹالر کی تشہیر کرنے والوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ میں ان سب سے معذرت چاہتا ہوں کہ ہر ایک کا فرداً فرداً ذکر نہیں کر پا رہا۔ جن کا نام ابھی ذہن میں نہیں رہا برائے مہربانی وہ ضرور یاددہانی کروائیں۔

گو کہ اردو کا دم بھرنے والے کئی ”بڑے لوگوں“ اور اردو فورمز پر حیرانی ہوئی کہ وہ جس حد تک اردو لکھنے کی تشہیر میں اپنا کردار ادا کر سکتے تھے اتنا انہوں نے کیا نہیں، لیکن ایسی ساری حیرانیاں پس پشت پڑ گئیں جب اردو کی تشہیر کرنے والوں نے بے لوث جذبہ دیکھایا۔ دوستوں کی تشہیری مہم کے دوران ایسے ایسے دن بھی آئے جب پاک اردو انسٹالر ایک دن میں چھ ہزار سے زائد مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا گیا۔ اگر آپ بھی اردو کی ترویج میں حصہ لیتے ہوئے پاک اردو انسٹالر کی تشہیر کرنا چاہتے ہیں تو ویب سائیٹ اور بلاگ پر لگانے کے بینر آپ کو یہاں سے مل جائیں گے۔ اس کے علاوہ فیس بک وغیرہ پر شیئر کرنے والے مزاحیہ، سنجیدہ اور معلوماتی بینر اس لنک پر موجود ہیں۔ مزید اردو لکھنے کی تفصیلی مگر چھوٹی سی معلوماتی ویڈیو بھی تیار کی ہوئی ہے۔

دوستو! ہمارا سفر ختم نہیں ہوا بلکہ ابھی بہت کام کرنا ہے۔ حوصلہ رکھو اور چلتے رہو۔ ان شاء اللہ کامیابی نصیب ہو گی۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

براہ راست 26 تبصرے برائے تحریر ”پاک اردو انسٹالر کے دو سال

  1. بلال بھائی، زندہ باد آدمی ہیں آپ، پاک اردو انسٹالر تو اب اردو کا تعارف ہے انٹرنیٹ پر، مجھے امید ہے کہ آپ ایسی ہی انقلابی پروڈکٹس سامنے لاتے رہیں گے۔ تو دوں کوئی نیا آئیڈیا؟ 🙂

  2. السلام علیکم
    سب سے پہلے تو میری طرف سے پاک اردو انسٹالر کی سالگرہ کی مبارکباد قبول فرمائیں۔ پاک اردو انسٹالر کو 1 سال سے استعمال کر رہاہوں۔ اپنے کئی دوستوں اور ساتھیوں کو بھی اس کے بارے میں بتا چکا ہوں۔
    اللہ آپ کو اردو کی ترویج کے لئے مزید کام کرنے تی توفیق عطا فرمائے
    آمین

  3. بہت مبارک ہو بلا ل صاحب
    اللہ کریم نے آپ کو عزت دی۔ اور آپ نے جو محنت کی اس کا صلہ آپ کو محبت ، ستائش ، دعاؤں کے ذریعے خوب ملا۔
    دعا ہے کہ اللہ آپ کو مزید ہمت دے اور آپ اردو کی ترویج کے لئے کام کرتے رہیں۔

  4. السلام علیکم ۔ میر ی طرف سے ایم بلال کی پوری ٹیم کو اس بے لوث خدمت پر دل کی گہراہوں سے مبارک باد ۔ اردو کی ترویج کے لیے آپ کی اس کاوش کو سرخ سلام ۔
    عامر راجہ ۔ کوئٹہ

  5. مبارکباد قبول کیجیے۔
    کیا یہ ممکن ہے کہ ہم پاک اردو انسٹالر میں‌مزید فانٹس ڈال سکیں؟ جیسے، تاج نستعلیق، اردو ٹائپ سیٹنگ، مائیکروسافٹ‌یوغر وغیرہ؟
    میرے جاننے والوں‌نے ان تین فانٹس کی بہت فرمائش کی ہے۔ تو اگر ممکن ہو، پیکج اپڈیٹ‌کر دیں۔
    مزید، پاک اردو انسٹالر کی خوشی میں‌ تصویری پوسٹ‌ ‘اشفاق احمد’ والے صفحہ پر دوبارہ شئیر کی گئی ہے۔ اور سویرے پیک آورز میں، دوسرے صفحات پر بھی شئیر کی جائے گی۔
    آپ کا اردو کی ترویج میں اس کاوش پر بہت شکریہ۔ 🙂

    1. جی بالکل نئے فانٹس ڈالنا ممکن ہے۔ تاج نستعلیق ڈالنے کا ارادہ ہے لیکن شاکرالقادری صاحب نے منع کیا تھا کہ جب تک تاج نستعلیق کا سٹیبل ورژن نہ آ جائے تب تک انتظار کیا جائے۔ باقی ٹائپ سیٹنگ اور یوغر وغیرہ پر کاپی رائیٹ کا مسئلہ ہے۔
      فیس بک صفحات پر دوبارہ شیئر کرنے کا بہت بہت شکریہ۔

      1. سہی۔ کاپی رائٹس کی وجہ سے نہ ڈالیں۔ احباب کے منہ کو میں‌ حرام کے یوغر اور ٹائپ سیٹنگ سے تسلی دلا دوں‌گا۔ 😳 :mrgreen:
        اچھا، کیا آپ پچھلے تین دن میں‌ اردو پاک انسٹالر کے ڈاؤن لوڈز کا شمار بتا سکتے ہیں؟‌ اور پھر فیس بک خصوصاً صفحات سے آنے والی ٹریفک کا شمار؟ میں‌تھوڑا اندازہ لگانا چاہ رہا ہوں۔

  6. اُردو انسٹالر کی دوسری سال گرہ مبارک ہو ۔ (اب تو چلنے اور بولنے بھی لگ پڑا ہو گا ۔ 😆
    تعریف اُس اللہ کی جس نے آپ کو بنایا ۔ میری اُسی اللہ سے دعا ہے کہ آپ کو سدا صحتمند خوش اور خوشحال رکھے
    جناب میں نے تکنیکی وجہ کی بناء پر آپ کا بنایا ہوا بینر تو اپنے بلاگ پر نہیں لگایا لیکن ہر سال درجن سے زیادہ بلاگروں اور اس سے زیادہ بغیر بلاگ کے کمپیوٹر مالکوں کو اسے انسٹال کر کے دیا اور آپ کا تعارف بھی کرایا ۔ یہ آپ پر احسان نہیں بلکہ آپ کا مجھ پر احسان ہے کہ میں نے وہ وقت بھی گذارا ہوا ہے جب ہر بند کے بعد ایچ ٹی ایم ایل لکھا کرتا تھا

  7. پاک اردو انسٹالر کے دو سال مبارک ہوں‌!
    پاک اردو انسٹالر بنا کر آپ نے لوگوں‌کو اردو سکھادی ہے اسی لیئے تو اب غلط چیزیں‌ بھی اردو میں‌ تلاش کی جاتی ہیں 😛

  8. اُردو انسٹالر کی دوسری سال گرہ مبارک ہو ۔ (اب تو چلنے اور بولنے بھی لگ پڑا ہو گا ۔
    میری طرف سے بھی ویسی ہر مبارکباد جیسی انکل اجمل صاحب نے دی ہے۔ بہت بہت مبارک۔
    اللہ کرے نیکی کے ہر کام میں‌اردو انسٹالر استعمال ہو اور آپ اس اجر کے حصہ دار بنیں

  9. ماشاء اللہ۔ مبروک بھی اور بہت ساری دعائیں بھی۔ اللہ جزائے خیر سے نوازے۔ اور مزید ترقیاں کامیابیاں نصیب ہوں۔ 🙂

  10. کیا ایسے مفید مقبول عام سوفٹ کو پیٹنٹ یا رجسٹر کروانے کا کوی طریقہ نہیں ہے؟ جس سے دوسروں کا خود اپنے نام سے اس کی تشہیر کرنے کا سلسلہ رک سکے۔ اگر ایسا ہو سکتا ہے تو اس میں تاخیر نہ کریں۔ یہ تو کوٕی بات نہ ہوی کہ تصور اور محنت اپ کی اور فإدہ لوگ اٹھإیں۔ بہر حال ‘پاک اردو انسٹالر’ کانام نیٹ پر اردو زبان کی ترویج میں ہمیشہ یاد رکھا جإے گا اور اس حوالے سے ؔپ کا بھی۔ جزاک اللہ!!

  11. تمام احباب کا میری کاوش پسند کرنے اور میرے لئے نیک تمناؤں کا بہت بہت شکریہ۔
    اللہ تعالیٰ آپ سب کو خوش رکھے۔۔۔آمین

  12. مجھے یاد ہے کہ ایک بار یار لوگوں میں ایک دوست کے احسانوں پر میں اگنا مشکور تھا کہ میں نے کہہ دیا کہ بھائی جب بھی گھر بناؤں اس پر وڈی ٹینکی پر آپکا نام موٹے مارکر سے سنہری حروف میں لکھوں گا. کچ اسی قسم کی فیلنگز ابھی بھی ہیں آپ کی وجہ سے اددو سے کوئی آٹھ سال تک ٹوٹا رہنے کہ بعد میرا تعلق پھر سے قائم ہوا اور پچھلے ایک سال سے اتنی اردو بلاگنگ کر رہا ہوِں کہ انگریزی کے لئے ٹائم نہیں مل پاتا.
    آپکا بے حد شکریہ اسر ڈھیر ساری مبارکباد. دعا ہے کہ پاک اردو انسٹالر جلد ہی میک بک پر بھی میسر ہوگا…آمین

  13. اردو لکھنے کی لئے ابتداء میں مجھے اتنی تکلیف ہوتی تھی کہ ایک بار تو میں بیزار ہی ہو گیا تھا ۔ ۔ ۔ مگر آپ کے انسٹالر نے تو کام آساں کر دیا ۔ ۔ ۔

    بہت بہت مبارک ہو ۔ ۔ ۔ اللہ آپ کو خوش رکھے ۔ ۔ ۔

  14. ویسے ایک مسئلہ اس بارے میں ۔ ۔ ۔ معاف کرنا اسی جگہ پر لکھ رہا ہوں ۔ ۔ ۔

    کہ دو دن قبل میرے گاؤں میں ایک دوست کے لیپ ٹاپ پر جب میں نے اسے انسٹال کیا تو اس کا کیبورڈ اردو میں بدل گیا ۔ ۔ بڑی کوشش کے باوجود بھی انگریزی کی بورڈ آ ہی نہ رہا تھا۔ ۔ ۔ اور ہاں جو سائیڈ با رمیں اردو / انگریزی کی بورڈ کا سائن آتا ہے ۔ وہ بھی نظر نہیں آ رہا تھا ۔

    آخر کار اسے ان انسٹال کرنا پڑا ۔ ۔ ۔

    آپ کی مدد درکار ہے –

    والسلام

  15. السلام علیکم! بلال بھائی، دلی مبارک باد کے ساتھ ایک گزارش ہے کہ پاک اردو کی بورڈ ہر لحاظ سے مکمل ہے مگر اس میں (رض) یعنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے لیے کوئی کلید مختص نہیں۔ کیا یہ ایک بہت بڑی کمی نہیں؟ آج صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم کا ذکر کسی نہ کسی جگہ ہوتا ہے، ایسے میں جب اس کے لیے کوئی کلید دستیاب نہ ہو تو بہت افسوس اور محسوس ہوتا ہے۔ براہِ کرم جلد از جلد اس کو شامل کرکے اپڈیٹ جاری کروائیں۔ ( اب تو اِن پیج 3 میں بھی ونڈوز کی بورڈ ہی سےکام چلانا پڑتا ہے، لہذا اس نقص کو دور کرنے کے لیے ضرورت کئی گنا بڑھ گئی ہے۔)
    شکریہ۔۔۔

  16. آپ نے “اردو اور پاکستان” کے ایک اور محسن رسالہ “گلوبل سائنس” کا ذکر بھی نہیں کیا۔ جنہوں نے پاک اردو انسٹالر کو سرورق پر نمایاں جگہ دی تھی۔ ان کا ذکرِ خیر بھی شامل کروادیں۔

  17. بلال بھائی مجھے یقین نہیں ہو رہا ہے مجھ نا چیز کے ایک دن کا ایک ہزار فائدہ ہوا 😉 میرا سب کو مشورہ ہے کہ آپ سب بھی ایک ایک دن لگا دیں :mrgreen:

    بلال بھائی جس طرح اردو انسٹالر کی ڈیمانڈ بڑھ رہی ہے لگتا ہے کہ ‘م بلال م’ کی دو چار کاپیوں کی ضرورت پڑھ جائے گی 😆

  18. بلال بھائی واقعی کمال کے آدمی ہیں میں نے اردو انسٹالر سے بہت فائدہ اٹھایا ہے 😀
    بلال بھا ئی اردو ونڈوز کا انتظار ہے ۔
    جزاک اللہ خیر

Leave a Reply to رائے محمد اذلان خان جواب منسوخ کریں۔

Your email address will not be published. Required fields are marked *