اردو بلاگرز کے لئے چند تکنیکی مشورے
بسم اللہ الرحمن الرحیم
اردو بلاگنگ ابھی ابتدائی مراحل میں ہونے کے ساتھ ساتھ دن بدن ترقی بھی کر رہی ہے۔ نئے لوگ اس طرف آ رہے ہیں۔ ہمیں مشاورت کے ساتھ اردو بلاگنگ کو آسان بنانا ہو گا تاکہ بلاگ پڑھنے والوں کو اور خاص طور پر نئے آنے والوں کو مشکل پیش نہ آئے۔ آج کچھ باتوں کو مشوروں کے طور پر آپ لوگوں کے سامنے پیش کر رہا ہوں۔ ہو سکتا ہے ان باتوں/مشوروں سے کسی کا بھلا ہو جائے اور میری طرف سے اردو بلاگنگ کی خدمت میں ایک اور قطرہ شامل ہو جائے۔
عام طور پر ہر انسان کی اپنی ایک پسند ہوتی ہے اور وہ کرتا بھی وہی ہے جو اسے پسند ہوتا ہے۔ سافٹ ویئر، ویب سائیٹ یا کوئی بھی چیز جو بناتے آپ خود ہیں لیکن اس کا استعمال دوسرے لوگ کرتے ہیں تو ایسی چیز بناتے ہوئے آپ کو اپنی پسند نہیں بلکہ استعمال کرنے والے زیادہ لوگوں کی پسند کو دیکھنا پڑتا ہے۔ بلاگ یا ویب سائیٹ بناتے ہوئے یہ نہ دیکھئے کہ آپ کو کیا پسند ہے بلکہ یہ دیکھیئے کہ زیادہ لوگ کیا پسند کرتے ہیں۔ یہ دیکھئے کہ بلاگ پڑھنے والے مہمانوں کو آپ کتنی آسانی دیتے اور اُن کی کتنی مہمان نوازی کرتے ہیں۔
مہمان نوازی کے لئے درج ذیل چند چیزوں کا خیال رکھیں۔
• سادگی اور ہلکے رنگوں کا انتخاب کریں کیونکہ سادگی فائدہ بھی دیتی ہے اور خوبصورت بھی ہوتی ہے۔
• اہم اور ضروری روابط کو خاص اور نمایا جگہ پر رکھیں۔
• ضرورت کے روابط کے علاوہ بے جا روابط اور دیگر غیر ضروری چیزوں کا استعمال آپ کے بلاگ کو جھنجال پورہ بنا دیتا ہے۔
• مہمان یعنی قاری اپنا قیمتی وقت آپ کے بلاگ کو دیتا ہے، پڑھتا اور تبصرہ کرتا ہے۔ جواباً آپ بھی اس کی حوصلہ افزائی کریں۔
• مہمان آپ کے بلاگ پر آتا ہے تو آپ بھی اس کی ضروریات کا خاص خیال رکھیں اور ضروری سہولیات مہیا کریں۔
اب مندرجہ بالا نقاط کی تفصیل یعنی یہ کیوں ضروری ہیں۔
سادگی اور ہلکے رنگوں کا انتخاب
عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ بعض دوست بلاگ کو خوبصورت کرنے کے لئے بے شمار رنگوں کا استعمال کرتے ہیں جس سے ایک رنگ برنگا بلاگ تو بن جاتا ہے لیکن پڑھنے والوں کو مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔اگر آپ کو میری طرح رنگوں کا زیادہ استعمال پسند ہے تو ضرور زیادہ رنگ استعمال کریں لیکن اسے بلاگ کے ہیڈر یا چند ایک جگہ تک محدود رکھیں۔ جہاں عام طور پر مکمل پوسٹ ہوتی ہے وہاں کوشش کریں کہ بیک گراؤنڈ کا رنگ ہلکا یعنی سفید کے قریب ترین اور تحریر کا رنگ کالا رکھیں۔ کوئی چیز پڑھتے ہوئے اگر بیک گراؤنڈ کا رنگ گاڑھا ہو اور تحریر کا رنگ ہلکا ہو تو اس سے پڑھنے والے کو اکتاہٹ ہوتی ہے بلکہ کئی لوگوں کی نظر پر بھی فرق پڑتا ہے۔ اگر آپ انٹرنیٹ کی دنیا کی مشہور ویب سائیٹس دیکھیں تو آپ کو اندازہ ہو جائے گا کہ زیادہ تر سائیٹس بہت سادی بنائی گئی ہیں اور ہلکے رنگوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔
اہم روابط اور ان کا مقام
میری نظر میں کسی بھی بلاگ کے لئے چار قسم کے روابط سب سے زیادہ ضروری اور اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔ تازہ ترین تحریر، زمرہ جات (موضوعات)، صفحات اور تلاش کا ربط۔ عام طور پر بلاگ کے سانچوں کو بناتے ہوئے تازہ ترین تحریر تو بلاگ پر نمایا رکھی جاتی ہے اور کچھ پرانی اس کے ساتھ بالترتیب نیچے ہوتی ہیں اس لئے علیحدہ سے سائیڈ بار یا کسی اور جگہ تازہ ترین تحریروں کے روابط مہیا نہ ہی کئے جائیں تو بہتر ہوتا ہے۔ زمرہ جات کے روابط کسی بلاگ کے اہم ترین روابط ہوتے ہیں اس کو ہیڈر، سائیڈ بار یا جہاں بھی آپ کا دل ہو وہاں رکھیں لیکن ایسی جگہ پر رکھیں جہاں یہ نمایا نظر آئیں۔اس کے بعد ضروری روابط صفحات کے ہوتے ہیں جو عام طور پر کم ہی ہوتے ہیں۔ ان کو بھی کوئی اچھی جگہ دیں اور کوشش کریں کہ یہ بھی نمایا ہی ہوں۔تلاش کا ربط بھی اپنی ایک اہمیت رکھتا ہے اس کو بھی نمایا جگہ دی جانی چاہئے۔
ان چار قسم کے روابط کے بعد کئی روابط ہوتے ہیں جیسے تازہ تبصروں کے روابط، آر ایس ایس، محفوظات اور دیگر روابط وغیرہ وغیرہ۔ یہ وہ روابط ہیں جن میں عام قاری یا پہلی دفعہ آنے والے قاری کو کوئی خاص دلچسپی نہیں ہوتی اور جن کو ان میں دلچسپی ہوتی ہیں وہ ان کو ڈھونڈ لیتے ہیں چاہے یہ کہیں بھی رکھے گئے ہوں۔ ویسے ان روابط کو استعمال کرنے والوں میں زیادہ لوگ وہ ہوتے ہیں جو عام طور پر آپ کے بلاگ کا دورہ کرتے ہیں اور پڑھتے ہیں۔ جس کی وجہ سے وہ آپ کے بلاگ کے کونے کونے سے واقف ہوتے ہیں اور انہیں کسی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔
غیر ضروری روابط اور چیزوں کا استعمال
اردو بلاگنگ میں نئے آنے والوں کے لئے آسانیاں پیدا کرنی ہوں گی تاکہ وہ اکتاہٹ کا شکار ہونے کی بجائے بلاگنگ کو آسان سمجھیں۔ عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ بعض بلاگر دوست اپنے بلاگ پر طرح طرح کے روابط اور دیگر چیزیں لگائے ہوئے ہیں۔ اگر میں نے یہاں مثال کے طور پر بھی کوئی ربط یا چیز کہی تو کئی بلاگر دوستوں کی طرف سے فتوی آ جائے گا اس لئے میں یہاں مثال دینے سے پرہیز ہی کروں گا۔ آپ لوگ مجھ سے کئی گنا سمجھدار ہیں اس لئے خود ہی سمجھیں کیونکہ میری نظر میں بلاگ کے حوالے سے ان ربط اور چیزوں کی کوئی خاص ضرورت نہیں۔ کوشش کریں کہ ضرورت کے روابط اور چیزوں کے علاوہ بے جا روابط اور چیزوں کا استعمال نہ کریں اور اپنے بلاگ کو جھنجال پورہ بننے سے بچائیں۔ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ فلاں فلاں ربط اور چیزوں کی بھی بلاگ پر ضرورت ہے اور ان کا استعمال آپ کے بلاگ کو جھنجال پورہ بھی بنا رہا ہے تو اس کا آسان حل یہ ہے کہ آپ ان کاموں کے لئے علیحدہ صفحہ بنائیں یا علیحدہ سائیڈ بار استعمال کریں۔ غیر ضروری چیزوں کے استعمال کا ایک نقصان یہ بھی ہوتا ہے کہ نئے بلاگر کے لئے بلاگ بنانے میں کئی مشکلات ہوتی ہیں اور جب وہ بلاگ بنا لیتا ہے تو لکھنے کی بجائے دوسروں کی دیکھا دیکھی فضول چیزوں کے حصول میں وقت ضائع کرتا ہے۔ کوشش کریں کہ سادگی کا سبق دیں اور نوجوانوں میں اپنا قیمتی وقت تعمیری کاموں میں لگانے کا جذبہ بیدار کریں۔
تبصرہ کرنے والے کی حوصلہ افزائی
قاری اپنا قیمتی وقت آپ کے بلاگ کو دیتا ہے، پڑھتا اور تبصرہ کرتا ہے جواباً آپ کو بھی چاہئے کہ اس کی حوصلہ افزائی کریں۔ قاری اگر کوئی سوال کرتا ہے تو کوشش کریں کہ جلد سے جلد اس کو جواب دیں۔ اس کے علاوہ جب چار پانچ تبصرے ہو جائیں یا ایک خاص وقت گزر جائے تو کوشش کریں کہ تمام تبصرہ کرنے والوں کا شکریہ ادا کریں۔ مزید تبصرہ کرنے والےکے بلاگ یا ویب سائیٹ کا ربط، اوتار اور اس کے بلاگ سے آخری تحریر کا عنوان بمعہ ربط اس کے تبصرے کے ساتھ ظاہر کرنے کا انتظام کریں۔ ان کاموں سے تبصرہ کرنے والے کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ آپ کے بلاگ کے ذریعے تبصرہ کرنے والے کے بلاگ کی تشہیر بھی ہو جائے گی۔
قاری کے لئے سہولیات اور دیگر باتیں
یوں تو بلاگ پر جتنی بھی سہولیات ہوتی ہیں ان میں زیادہ تر قاری اور تبصرہ کرنے والے کے لئے ہی ہوتی ہیں لیکن میرے خیال میں چند سہولیات ضرور دینی چاہئیں۔ جیسےبلاگ کو سادہ اور آسان فہم بنایا جائے تاکہ قاری اکتاہٹ کا شکار نہ ہو۔ ہر ربط اور چیز کو ایسے رکھا جائے کہ سب علیحدہ علیحدہ نظر آئیں نہ کہ ایک کے ساتھ دوسری ایسے ہو کہ لگے اسی کا ہی حصہ ہے۔ جن ٹیکسٹ باکس یا ایریا میں صرف انگریزی ہی لکھی جاتی ہو جیسے ای میل اور ویب سائیٹ کےٹیکسٹ باکس کے علاوہ ہر ٹیکسٹ ایریا میں اردو ویب ایڈیٹر کا استعمال ضرور کریں تاکہ اگر کسی کے کمپیوٹر پر اردو انسٹال نہ ہو تو وہ بھی آسانی سے اردو میں تبصرہ یا تلاش کر سکے۔ تحریر کی مناسبت سے اس کا فونٹ سائز بھی مناسب رکھیں تاکہ ایک عام قاری بھی آسانی سے پڑھ سکے۔تبصرے کا اقتباس دینے کے لئے ہر تبصرے کے ساتھ اقتباس دینے کے لنک کا انتظام کریں تاکہ تبصرہ کرنے والا اس کا آسانی سے استعمال کر سکے اور قاری کو آسانی سے پتہ چل سکے کہ کس تبصرے کا جواب دیا گیا ہے۔ کوشش کریں کہ تبصرہ کرنے والی جگہ پر جذبات ظاہر کرنے والی تصاویر کا بھی ایک حد تک انتظام کریں کیونکہ جو لوگ تحریر میں ان تصاویر کا استعمال کرتے ہیں وہ بھی خوش رہیں۔ بلاگ پر جس اردو فونٹ کا استعمال کر رہے ہیں اُس کا ڈاؤن لوڈ لنک ضرور اور نمایا جگہ پر دیں اور کوشش کریں کہ اردو کے عام طور پر استعمال ہونے والے فونٹس میں سے کوئی ایک یا چند فونٹ استعمال کریں۔ اپنے بلاگ پر یونیکوڈ اردو کی تنصیب کے حوالے سے کوئی نہ کوئی ربط ضرور دیں تاکہ یونیکوڈ اردو کا پیغام سب تک آسانی تک پہنچ سکے۔ میں نے اکثر دیکھا ہے کہ کئی ایسے لوگ ہیں جو انٹرنیٹ پر اردو تو لکھتے ہیں لیکن کمپیوٹر پر اردو کی تنصیب کے بارے میں کچھ نہیں جانتے اور انٹرنیٹ پر اردو لکھنے کے لئے اردو ویب ایڈیٹر کا ہی استعمال کرتے ہیں۔ مہربانی کر کے اگر ہو سکے تو اپنے بلاگ پر اردو کی تنصیب کا کوئی نہ کوئی ربط ضرور دیں۔
مندرجہ بالا چند مشورے میری طرف سے اردو بلاگرز کے لئے ہیں۔ اگر آپ خود تھیم بنانا جانتے ہیں تو میرے خیال میں مندرجہ بالا مشوروں کو ضرور ذہن میں رکھیں اور اگر آپ خود سے تھیم نہیں بنا سکتے تو کسی ایسے تھیم کا انتخاب کریں جس میں مندرجہ بالا خصوصیات ہوں۔
نوٹ:- یہ میرے چند مشورے ہیں اگر دل کرے تو اپنا لیں نہیں تو آپ رد کرنے کا پورا پورا اختیار رکھتے ہیں۔ یہ میری آج تک کی سوچ ہے۔ وقت اور ٹیکنالوجی کی تبدیلی کے ساتھ میری سوچ میں بھی تبدیلی آ سکتی ہے۔
46 تبصرے برائے تحریر ”اردو بلاگرز کے لئے چند تکنیکی مشورے“
تبصرہ تحریر کریں
« پچھلی تحریر انٹرنیٹ، جدید ٹیکنالوجی اور ہماری سوچ



































![Validate my RSS feed [Valid RSS]](http://www.mbilalm.com/blog/wp-content/themes/paksign/images/valid-rss-rogers.png)
شیئر کریں
ای میل
فیس بک
ٹویٹر
گوگل بز
ٹیکنوراٹی
ڈگ
ڈیلیشیئس
بلال بھائی آپ کا بہت بہت شکریہ۔۔۔
میں نے بلاگر پر اپنا بلاگ بنالیا ہے، کیوں کہ میں اس میں پوسٹ کے علاوہ دیگر جگہوں پر بھی اردو میں لکھ سکتا ہوں، واقعی آج تک میں نے بہت کچھ تو نہیں کیا لیکن کچھ کم بھی نہیں کیا اور اس میں آپکا اور جہانزیب بھائی کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔ میں آپ کا تہہِ دل سے شکر گزار ہوں۔
والسلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
برائے مہربانی میرے پرانے پوسٹس میں جہاں آر ایس ایس فیڈ ورڈ پریس کی ہے اور ختم کردیجئے گا۔ شکریہ
جہاں پناہ! ہمارے بلاگ پر ضرور تشریف لائیں۔ اس کو ابتدائی شکل میں نے دیدی ہے۔ اور ایک خوبصورت سا سانچہ (میرے نزدیک( بھی بنایا ہے۔ ابھی کل کی بات ہے کہ میں نے آپ سے بلاگنگ کی بیسکس کے بارے میں پوچھا تھا۔ یہیں کہیں پرانے پوسٹس میں اب بھی وہ تحریر موجود ہوگی۔ لیکن آج اللہ کے فضل سے میں نے معدودے چند تحریریں بھی لکھ ماری ہیں۔ یہ سب آپ کی بدولت۔۔۔! مابدولت ہم آپ کے شکر گذار ہیں۔
والسلام
بلال بھائی میں آپ سے ایک بات پوچھنا چاہ رہا ہوں ۔ اور وہ یہ ہے کہ ہم جب بھی ورڈ پریس کی کسی انگریزی تھیم کو اردوانے کی کوشش کرتے ہیں تو باقی کی تمام فائلز تو آسانی سے کنورٹ ہوجاتی ہیں لیکن بھائی مجھے فٹر فائل میں تھوڑا پرابلم آرہا ہے وہ یہ کہ اس فائل میں وہ جاوا اسکرپٹ کا استعمال کرتے ہیں ۔ جس کی مجھے بالکل سمجھ بوجھ نہیں ہے تو بھائی آپ سے گزارش ہے اس کا کوئی توڑ بتائیں ۔
شکریہ
عطاء رفیع کے تبصرہ کا جواب
آپ کا بلاگ دیکھا۔ ماشاءاللہ کافی اچھا بنا لیا ہے۔ میں امید کرتا ہوں آپ پابندی سے بلاگنگ کرتے رہیں گے۔
عدنان بھائی اب کسی کمپیوٹر کی زبان میں تبدیلی کرنے کے لئے یہ تو ضروری ہے کہ آپ کو اس زبان کی تھوڑی بہت سمجھ ضرور ہو۔ رہی بات جاوا سکرپٹ کی تو میرے خیال میں کوئی بھی تھیم اردواتے ہوئے جاوا سکرپٹ میں تبدیلی کی کوئی ضرورت پیش نہیں آتی۔ اس جاوا سکرپٹ کو ویسے کا ویسا رہنے دو باقی جس جگہ کوئی انگریزی لفظ کی اردو کرنی ہے وہ کر لو۔ رہی بات توڑ کی تو فی الحال میرے ذہن میں ایسی کوئی بات نہیں آ رہی۔ اگر آپ مسئلہ لکھیں تو پھر اس کا کوئی توڑ سوچا جا سکتا ہے۔
آپ کا بہت شکریہ۔۔۔
ایک مرتبہ اور زحمت قبول فرمائیں۔ میں نے بلاگر کا جو سانچہ اتارا ہے، اس کو اردوا کرچکا ہوں۔ لیکن ایک تبدیلی لاگو نہیں ہورہی۔ دائیں سے بائیں والی۔ میں نے اسٹارٹ سائیڈ اور اینڈ سائیڈ کی سمتیں بدل چکا ہوں۔ لیکن بے سود۔۔۔ تحریر ہنوز بائیں سے دائیں آرہی ہے۔ کیا کروں؟ :hypnotized:
ایک اور بات۔۔۔! مجھے لکھائی کی اونچائی (ہائیٹ(کتنی رکھنی چاہئے کہ لائنیں صاف پڑھی جائیں۔ اور ہاں میں آپ کے بلاگ میں کلوز بریکٹ کی جگہ اوپن بریکٹ آتا ہے۔ جیسا کہ آپ لفظ “ہائیٹ” میں دیکھ سکتے ہیں۔ میں نے بہت کوشش کی لیکن ۔۔۔
اس معاملے میں، میں معذرت چاہوں گا کیونکہ بلاگر ڈاٹ کام کے بارے میں میں اتنا ہی جانتا ہوں جتنا بتا چکا ہوں یعنی چند معلوماتی لنک کا ہی جانتا ہوں۔ اس کے علاوہ خود کبھی استعمال نہیں کیا۔ بلاگر ڈاٹ کام کے معاملے میں اگر آپ اردو محفل یا جہانزیب اشرف صاحب سے رابطہ کر لیں تو ہو سکتا ہے وہ آپ کی بہتر مدد کر سکیں۔
رہی بات بریکٹس کی تو یہاں ابھی اردو ویب پیڈ کا پرانا ورژن استعمال ہو رہا ہے۔ جس میں یہ بگ موجود تھا۔ نبیل صاحب نے نئے ورژن میں کافی تبدیلیاں کی ہیں اور یہ بگ بھی ختم کر دیا ہے۔ کوشش کرتا ہوں کہ میں بھی نیا ورژن شامل کر دوں۔
آپ کی بہت مہربانی ہوگی اگر آپ اس کمنٹس باکس بنانے کا طریقہ بتادیں کے کس طرح بنتا ہے ورڈ پریس پر بھی اور عام پیج جو ہم ڈریم ویور سے بناتے ہیں۔ اس کے نیچے جو ریڈیو بٹن ،اورکی بورڈ کیسے آتا ہے؟
مجھے تین مہینے سے زیادہ ہوگیا ہے لیکن مجھے اس کا مکمل طریقہ کہیں نہیں مل رہا اللہ آپ کو بہت بہت جزائے خیر دے اگر آپ مجھے اس کا مکمل ٹیوٹوریل دے دیں