اپریل 9, 2011 - ایم بلال ایم
5 تبصر ے

ورڈپریس تھیم انسٹال کرنا اور لگانا

بلاگ کی ظاہری شکل و صورت کو تھیم کہا جاتا ہے۔ تھیم ایک طرح سے بلاگ کا لباس ہوتا ہے۔ آسان الفاظ میں یوں بھی کہہ سکتے ہیں کہ بلاگ کی ظاہری شکل و صورت کو اپنی مرضی کا کرنے کے لئے تھیم کا استعمال کیا جاتا ہے۔
ورڈپریس سی ایم ایس کے ذریعے بلاگ بنانے کے بعد پہلا مرحلہ اپنی مرضی کا تھیم انسٹال کرنا اور پھر اسے بلاگ پر لگانا ہوتا ہے۔ یوں تو ورڈپریس انسٹال ہونے کے ساتھ ایک تھیم بھی انسٹال ہوجاتا ہے اور خود بخود لگ جاتا ہے لیکن اس طریقہ میں ہم اپنی مرضی کا تھیم انسٹال کرنا اور پھر لگانا سیکھیں گے۔ جس جگہ -> کا نشان ہو گا اس سے مراد یہ ہے کہ یہ کوئی ٹِپ یا ٹرِک ہے جس سے آپ کو آسانی ہو گی۔
یاد رہے ورڈپریس ڈاٹ کام پر بلاگ بنانے کی صورت میں خود سے تھیم انسٹال نہیں کیا جا سکتا بلکہ ورڈپریس ڈاٹ کام کی طرف سے پہلے سے انسٹال شدہ تھیمز میں سے ہی کوئی تھیم بلاگ پر لگایا جا سکتا ہے۔ یہ تحریر ذاتی ہوسٹنگ پر ”ورڈپریس سی ایم ایس“ کے ذریعے بلاگ بنانے والوں کے لئے ہے۔

ورڈپریس تھیم انسٹال کرنا
سب سے پہلے اپنی مرضی کا اور پسندیدہ تھیم ڈاؤن لوڈ کریں۔ چند ایک اردو تھیمز آپ کو یہاں اور یہاں سے مل سکتے ہیں۔ تھیم ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد اگلا مرحلہ اسے بلاگ پر اپلوڈ/انسٹال کرنا ہوتا ہے۔ اس کا سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ بلاگ کے ایڈمن پینل میں جائیں۔ ڈیش بورڈ پر ہی Change Theme کا بٹن نظر آئے گا اسے دبا دیں یا پھر سائیڈ بار میں Appearance کی ذیلی فہرست میں Themes کے لنک پر کلک کریں۔

تھیم کا مرکزی صفحہ کھل جائے گا۔ یہاں پر پہلے سے انسٹال شدہ تھیم نظر آ رہا ہو گا جس کا نام عام طور پر Twenty Ten ہوتا ہے۔ نیا تھیم انسٹال کرنے کے لئے Install Themes کی ٹیب پر کلک کریں۔ نیا صفحہ کھلے گا۔ اب Upload کے لنک پر کلک کریں۔ Browse کا بٹن دبا کر اپنے کمپیوٹر میں محفوظ ورڈپریس تھیم منتخب کریں اور پھر Install Now کا بٹن دبا دیں۔

تھیم ٹھیک ہونے کی صورت میں تھیم کامیابی سے اپلوڈ ہونے کی تصدیق کا پیغام سامنے آ جائے گا۔ ساتھ میں کچھ Actions کے لنک بھی ہوں گے۔

ان لنک کی تفصیل کچھ اس طرح ہے کہ تھیم کو بلاگ پر لگائے بغیر ہی تھیم کا جائزہ لینے کے لئے Preview پر کلک کریں۔ تھیم کو بلاگ پر لگانے کے لئے Activate پر کلک کریں یا پھر تھیم کے مرکزی صفحہ پر واپس جانے کے لئے Return to Themes page پر کلک کریں۔
-> کئی دفعہ تھیم انسٹال نہیں ہوتا اور ایرر آ جاتا ہے۔ عام طور پر اس کی تین وجوہات ہوتی ہے۔ پہلی تھیم ٹھیک نہیں ہوتا اور ذپ فائل کی صورت میں نہیں ہوتا۔ دوسری اس نام کا تھیم پہلے سے انسٹال ہوتا ہے اور تیسری وجہ یہ ہے کہ بعض ہوسٹنگ ورڈپریس کو اس طرح سے تھیم انسٹال کرنے کی اجازت نہیں دیتیں۔ پہلی دونوں صورتوں میں تو تھیم کے ٹھیک ہونے، ذپ فائل ہونے اور پہلے سے اس نام کا تھیم نہ ہونے کی جانچ کریں۔ اگر تیسری وجہ ہو تو پھر اس کا حل درج ذیل ہے۔
ایڈمن پینل کے ذریعے اگر تھیم اپلوڈ نہ ہو رہا ہو تو ہوسٹنگ کے کنٹرول پینل میں جائیں اور فائل مینیجر کا استعمال کرتے ہوئے تھیم کی ذپ فائل کو اپلوڈ کر لیں اور پھر ایکسٹریکٹ /ان ذپ کرنے کے بعد تھیم کا جو فولڈر بنے گا اس فولڈر کو اپنے بلاگ کے فولڈر wp-content کے اندر themes کے فولڈر میں کاپی/منتقل کر دیں۔ بس تھیم کے فولڈر کو متعلقہ فولڈر میں کاپی/منتقل کرنے سے تھیم انسٹال ہو جائے گا۔
-> فائل مینیجر کے ذریعے فائل اپلوڈ کرنے اور فائل مینیجر کے دیگر طریقہ کار کے لئے اپنی ہوسٹنگ کے کنٹرول پینل کے مطابق سی پینل یا وسٹا پینل کے فائل مینیجر کا استعمال دیکھیں یا پھر فائل زیلا ایف ٹی پی کلائنٹ کے ذریعے فائل اپلوڈ یا ختم کرنے کے بارے میں جاننے کے لئے یہاں دیکھیں۔

ورڈپریس تھیم کو بلاگ پر لگانا
بلاگ کے ایڈمن پینل میں جائیں۔ ڈیش بورڈ پر ہی Change Theme کا بٹن نظر آئے گا اسے دبا دیں یا پھر سائیڈ بار میں Appearance کی ذیلی فہرست میں Themes کے لنک پر کلک کریں۔
تھیم کا مرکزی صفحہ کھل جائے گا۔ یہاں پر پہلے سے انسٹال شدہ تھیم نظر آ رہے ہوں گے۔ Current Theme کی سرخی کے نیچے وہ تھیم ہو گا جو پہلے سے بلاگ پر چل رہا ہے۔ اس کے بعد Available Themes کی سرخی کے نیچے وہ تھیم ہوں گے جو انسٹال ہوچکے ہیں۔ جس تھیم کو بلاگ پر لگانا چاہتے ہیں اس تھیم کے ساتھ نظر آنے والے Activate کے لنک پر کلک کر دیں۔

تھیم کامیابی سے لگنے کے بعد تصدیق کا پیغام صفحہ کے اوپر آ رہا ہو گا اور ساتھ ہی Current Theme کی سرخی کے نیچے لگایا ہوا تھیم بھی آ جائے گا۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

براہ راست 5 تبصرے برائے تحریر ”ورڈپریس تھیم انسٹال کرنا اور لگانا

  1. السلام علیکم
    بلال بھائی ماشاءاللہ پچھلی تحریروں کی طرح یہ بھی بہت عمدہ میرے خیال سے ان تحریروں کو ایک کتابچے کی صورت دے دیں جس طرح اپ نے اردو اور کمپیوٹر پر کتابچہ لکھا ہوا ہے۔۔۔۔ جزاکم اللہ خیرا

  2. اقتباس» ایم اے راجپوت نے لکھا:
    السلام علیکم
    بلال بھائی ماشاءاللہ پچھلی تحریروں کی طرح یہ بھی بہت عمدہ میرے خیال سے ان تحریروں کو ایک کتابچے کی صورت دے دیں جس طرح اپ نے اردو اور کمپیوٹر پر کتابچہ لکھا ہوا ہے۔۔۔۔ جزاکم اللہ خیرا

    محترم یہ ایک کتابچہ ہی ہے۔ اس کتابچہ کی تحاریر ایک ایک کر کے لگا رہا ہوں جب تحاریر مکمل ہو جائیں گی تو کتابچہ کا لنک بھی دے دوں گا۔ شاید آپ کی نظر سے اس سلسلہ کی پہلی تحریر نہیں گزری۔

  3. السلام علیکم محترم بلال بھائی مجھے ایک مسئلہ پیش آرہا ہے تھیم ڈاون لوڈ کرنے میں جب میں کوئی تھیم ڈاون لوڈ کرتا ہوں تو یہ لکھا آتا ہے

    The package could not be installed. The theme is missing the style.css stylesheet.
    برائے مہربانی اس کا حل بتا دیں.جزاک اللہ خیرا

Leave a Reply to ایم اے راجپوت جواب منسوخ کریں۔

Your email address will not be published. Required fields are marked *