اگست 24, 2014 - ایم بلال ایم
15 تبصر ے

بجلی کی چالاکی اور میری کمینی خوشی

کچھ دن پہلے موجودہ حکومتی جماعت کے خاص الخاص حمایتی میرے ایک قریبی دوست کو کمر توڑ دینے والا بجلی کا بل موصول ہوا۔ میرا دوست دہائیاں دینے لگا کہ یار ظلم کی اتنہا دیکھو۔ آج تک مجھے اتنا زیادہ بل نہیں آیا۔ ایک تو اتنی زیادہ لوڈ شیڈنگ، اوپر سے ہم بجلی زیادہ استعمال بھی نہیں کرتے۔ پھر بھی اتنا زیادہ بِل آ گیا ہے، بھلا میں کہاں سے ادا کروں گا۔ میں نے دوست کی باتوں کے جواب میں مسکراتے ہوئے صرف اتنا کہا ”ہور چوپو“۔۔۔

غالباً مجھے ایسا نہیں کہنا چاہیئے تھا۔ میں مانتا ہوں کہ اپنے دوست کے ساتھ میرا یہ رویہ درست نہیں تھا۔ لیکن شاید کبھی کبھی مجھے ایسے لوگوں پر غصہ آتا ہے۔ جنہیں سمجھایا بھی جاتا ہے، پھر بھی یہ عقل و شعور سے کام لینے کی بجائے ہر دفعہ کرپٹ لوگوں کو اپنے سر بیٹھا لیتے ہیں اور بعد میں روتے ہیں۔ آزمائے ہوئے کو دوبارہ آزماتے ہیں۔ محل سراؤں کے باسیوں کو یہ اپنا مسیحا سمجھ لیتے ہیں۔ اتنے میں ہی خوش ہو جاتے ہیں کہ فلاں چوہدری یا وڈیرا وغیرہ ہمارے پاس خود ووٹ مانگنے آیا ہے۔ جب الیکشن میں تعلق داریاں نبھاتے ہیں تو پھر بعد میں روتے کیوں ہیں؟ فقط ایک گلی یا نالی پر جو ووٹ دیتے ہیں، ان کا یہی حال ہونا چاہیئے۔ بہرحال میں مایوس ہرگز نہیں۔ اپنے عظیم فلسفی علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ کا کہا مان کر ہم شجر سے پیوستہ ہیں۔ امیدیں ابھی باقی ہیں۔ ان شاء اللہ وقت ضرور بدلے گا۔

ہمارا کیا ہے جی! ہم تو ہر مہینے کی آدھی سے زیادہ کمائی بلوں کی نذر کر کے بھی خوش ہی رہتے ہیں۔ گو کہ یہ خوشی کی بات نہیں مگر کیا کریں یہاں عوام کو آسانی سے خوشیاں نصیب نہیں ہوتیں۔ اس لئے ہم نے تو دکھ کا نام ہی خوشی رکھ لیا ہے۔ ویسے بھی جب آپ لوڈ شیڈنگ کے دوران ”افف مر گئے، اتنی زیادہ گرمی“ جیسے الفاظ کہہ رہے ہوتے ہیں۔ تب ہم زندگی داؤ پر لگا کر دریا میں نہا رہے ہوتے ہیں۔ آپ بے شک ہمیں پینڈو کہو مگر ہم آپ کی طرح ذہنی اذیت سے گزر کر بھی خاموش نہیں رہ سکتے۔ ہمارا کیا ہے جی! ہم نے تو گرمی کا نام بھی سردی رکھ لیا ہے۔

گرمیوں میں ہمارے گاؤں میں کم از کم اٹھارہ بیس گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی ہے۔ اس کے باوجود بھی کمر توڑ دینے والے بل موصول ہوتے ہیں۔ بجلی جو مہنگی ہے وہ تو ہے مگر اتنے زیادہ بلوں کی وجہ واپڈا اور دیگر حکومتی اداروں کی چالاکیاں بھی ہیں۔ کئی چالاکیوں میں سے ایک چالاکی سمجھنے کے لئے آپ کو معلوم ہونا چاہیئے کہ بجلی کے یونٹس پر قیمت کیسے لاگو ہوتی ہے۔ جو نہیں جانتے ان کے لئے عرض ہے کہ آسان الفاظ میں یوں سمجھیں کہ ایک ماہ میں جو جتنی زیادہ بجلی استعمال کرے گا اسے بجلی کی فی یونٹ اتنی ہی زیادہ مہنگی ملے گی۔ بجلی کی قیمت کچھ اس طرح سے لگائی جاتی ہے کہ بالفرض اگر ایک ماہ میں کسی نے 200 یونٹس استعمال کی ہیں تو پہلی 100 یونٹس کا ریٹ 500روپے لگا ہے تو اس کے بعد کی 100 یونٹس کا 900 لگے گا۔ یوں ایک ماہ میں 200 یونٹس کا ٹوٹل بل 1400 روپے ہو گا۔ اس طرح جیسے جیسے یونٹس زیادہ ہوتی جائیں گی، فی یونٹ کے نرخ (ریٹ) بھی زیادہ ہوتے جائیں گے۔ بجلی کی یہ قیمت فرض کی ہے اور ہمارے ادھر ”گیپکو“ (گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی) بجلی فراہم کرتی ہے۔ خیر اب حکومتی ادارے کرتے یہ ہیں کہ دو تین مہینے استعمال شدہ یونٹس سے بھی کم بل بھیجتے ہیں۔ اس کے بعد ایک مہینے پچھلی ساری بقایا یونٹس بھی شامل کرتے ہیں۔ یوں یونٹس زیادہ ہو جاتی ہیں اور فی یونٹ کا ریٹ بھی زیادہ ہو جاتا ہے۔

اس سارے عمل کو ایک چھوٹی سی مثال سے مزید واضح کرتا ہوں۔ فرض کریں کہ پہلی 100 یونٹس پر فی یونٹ کی قیمت 5 روپے اور اگلی 100 تک فی یونٹ 9 روپے ہے۔ فرض کیا کہ آپ عموماً ہر مہینے 100 یونٹس استعمال کرتے ہیں۔ یوں آپ کا ماہانہ بل 500 روپے ہو گا اور دو مہینوں میں آپ ٹوٹل 1000روپے ادا کریں گے۔ اب ذرا حکومتی ادارے کی چالاکی ملاحظہ کیجئے۔ آپ نے ایک ماہ میں یونٹس تو 100 استعمال کی ہوں گی مگر یہ آپ کو کم یونٹس بالفرض25 یونٹس کا بل 125روپے بھیج دیں گے۔ پیچھے جو 75 یوٹنس بچتی ہیں وہ آپ کے کھاتے میں بقایا رکھ چھوڑیں گے۔ آئندہ ماہ کچھ یوں کریں گے کہ اس مہینے کی اپنی 100 یونٹس اور پچھلے مہینے کی بقایا 75 ملا کر ٹوٹل175 یونٹس ہو جائیں گی۔ بل کا حساب کتاب جس طرح ہوتا ہے اس طریقے کے مطابق اب پہلی 100 پر 5 روپے کے حساب سے 500 روپے اور باقی 75 پر 9 کے حساب سے 675روپے اور دونوں کو ملا کر ٹوٹل 1175روپے بل ہو جائے گا۔ اب ذرا غور کریں کہ جتنی بجلی آپ ہر مہینے استعمال کرتے رہے، اس حساب سے بل آتا رہتا تو دو مہینوں میں آپ 1000 روپے ادا کرتے۔ اب جبکہ حکومتی ادارے نے ہوشیاری دیکھائی ہے تو آپ نے پہلے مہینے 125 روپے اور دوسرے مہینے 1175 روپے ادا کیے یعنی دو مہینوں میں 1300روپے ادا کیے ہیں۔ اس طرح صارفین کو تکنیکی مار دے کر 300 روپے کا ”ٹیکہ“ لگا دیا گیا۔

یہ سمجھانے کے لئے ایک چھوٹی سی مثال دی ہے ورنہ حکومتی ادارہ تو اس سے کئی ہاتھ آگے ہے۔ یہ صرف ایک دو مہینے نہیں بلکہ تین چار مہینے ایسا کرتا ہے۔ جب بہت زیادہ یونٹس بقایا ہوتی ہیں تو پھر ایک مہینے ساری بل میں شامل کرتے ہیں اور وہی بجلی جو صارف کو سستی ملنی تھی، ایک تو یونٹس زیادہ ہونے کی وجہ سے مہنگی ملتی ہے اور اوپر سے جس مہینے پچھلی ساری یونٹس ڈالنی ہوتی ہیں، عموماً اس مہینے بجلی بھی مہنگی کر دی جاتی ہے۔ یوں تکنیکی مار دے کر اچھا بھلا ”ٹیکہ“ لگا جاتے ہیں۔ اب سوال یہ ہے کہ ان کی چالاکی پکڑی کیوں نہیں جاتی۔ اول تو پہلے لوگ اتنے میں ہی خوش ہوتے ہیں کہ ان کا بل تھوڑا آیا ہے۔ کوئی یہ نہیں سوچتا کہ یہی تھوڑا آگے چل کر تمہاری کمر توڑ دے گا۔ دوسرا اگر کوئی بندہ جو خود میٹر ریڈنگ دیکھتا ہے اور بل لے کر ادارے کے پاس جاتا ہے اور کہتا ہے کہ جناب آپ نے یونٹس تھوڑی ڈالی ہیں جبکہ میٹر تو زیادہ چلا ہوا ہے۔ جواب یہ ملتا ہے کہ میٹر ریڈنگ پندرہ دن پہلے ہوئی تھی۔ اب میٹر مزید چل چکا ہے اس لئے جو بقایا ہیں وہ اگلے مہینے کی ہیں۔ جب زیادہ بل لے کر جائیں تو کہتے ہیں کہ آپ خود جا کر میٹر دیکھ لیں وہ اتنا چل چکا ہو گا۔ ہر دو صورتوں میں وہ سچے اور عوام جھوٹے ہی ہوتے ہیں۔ ظاہر ہے کہ دھوکہ ہی ایسا دے رہیں جو آسانی سے پکڑا نہیں جا سکتا۔ ویسے بھی اب ہر مہینے کون اداروں میں دھکے کھاتا پھرے اور نہ ہی ہر کوئی ان کی چالاکی سمجھ سکتا ہے۔

ہمارے ادھر سردیوں میں بل کم آتے ہیں۔ عموماً اپریل میں پنکھے چلنے شروع ہوتے ہیں تو بل زیادہ ہوتا ہے۔ حکومتی ادارہ بڑا ہوشیار ہے۔ لوگوں کو دھوکہ دینے اور پکڑے نہ جانے کے لئے یہ کرتے کچھ یوں ہیں کہ سردیوں کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے مئی، جون اور جولائی تک وہی سردیوں جتنا یا اس سے ملتا جلتا بل بھیجتے ہیں۔ ایک روٹین کے مطابق بل سے صارف کو کوئی نئی بات نہیں لگتی اور اس کے ذہن میں خیال ہی نہیں آتا، مگر جیسے ہی اگست میں بل کمر توڑتا ہے تو تب تک ادارہ اپنی چالاکی میں کامیاب ہو چکا ہوتا ہے۔ یار لوگوں کو ”اگست میں مارچ“ کی فکر پڑی ہے جبکہ عوام کا جون جولائی تو کیا سارا سال ہی خراب چل رہا ہے۔

سوچنے کی بات یہ ہے کہ ایسا کرنے سے کیا ملازمین کو فائدہ ہوتا ہے؟ نہیں ملازمین کو اس سے کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔ کیونکہ بل کے پیسے حکومتی ادارے کی جیب میں جاتے ہیں تو پھر سوچنے کی بات ہے کہ ملازمین ایسا کیوں کرتے ہیں؟ اجی ملازمین خود سے ایسا نہیں کرتے بلکہ یہ حکومت سمیت ادارے کے کرتا دھرتا کی ملی بھگت ہے۔ ادارے کو خسارے سے بچانے کے لئے اور وہ بجلی جو چوری ہو جاتی ہے اس کی قیمت پوری کرنے کے لئے اور اپنی کارکردگی دیکھانے کے لئے یہ سب کیا جاتا ہے۔ حقیقت میں ان کی کارکردگی تو یہ ہے کہ بجلی چوری ہوتی ہے اور محکمہ خود بھی کرواتا ہے مگر عوام کو دھوکہ اور تکنیکی مار دے کر اپنی کارکردگی دیکھائی جا رہی ہے۔ یوں بجلی کی اصل قیمت سے بھی زیادہ پیسے دھوکہ دے کر عوام سے بٹورے جا رہے ہیں۔

یہ تو ایک ادارے کا ایک چھوٹا سا دھوکہ ہے ورنہ خدا جانے کہاں کہاں ”قانونی دھوکہ“ دیا جا رہا ہے اور نہ کوئی پوچھنے والا ہے اور نہ ہی ان کی پکڑ ہوتی ہے۔ بہرحال جو لوگ ابھی بھی خاموش رہ کر اپنی ”واٹ“ لگوانا چاہتے ہیں، انہیں صرف اتنا کہوں گا ”ہور چوپو“ اور خجل ہوتے رہو۔ خدا بھی ان کی مدد نہیں کرتا جنہیں اپنی مدد کرنے کا خود ہی خیال نہ ہو۔ باقی ہمارا کیا ہے جی! ہم تو کمینی سی خوشیوں پر بھی چیخ رہے ہیں۔ ان کمینی خوشیوں کو نہ دیکھو بلکہ ہوش کرو اور دیکھو کہ ہمیں دھوکے سے کیسے کیسے ٹیکے لگائے جا رہے ہیں۔ جی آپ نے ٹھیک پہچانا، میں واقعی جذباتی ہو رہا ہوں کیونکہ خود ہم ظلمت کی تاریک راتوں میں مدہوش پڑے ہیں اور دوسروں کی کمینی سی خوشیوں پر چیخ اٹھتے ہیں۔۔۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

براہ راست 15 تبصرے برائے تحریر ”بجلی کی چالاکی اور میری کمینی خوشی

  1. محترم ۔ آپ کی ایک ایک بات سے اتفاق ھے ۔ آج کل تمام حکومتی محکمے اسی طرح عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ھیں ۔ پچھلے سال ہمارا 600 یونٹس کا جولائی کا بل 6100 روپے آیا تھا اس ماہ جولائی کے 600 یونٹس کا بل 9500 آیا ۔ ۔ یعنی ایک سال میں بجلی کی قیمت پچاس فیصد تک بڑھا دی گئی ۔۔ آپ نے دیکھا ھو گا کہ بجلی کے بل میں حکومت کے لاگو کردہ تمام ٹیکس بھی شامل ھوتے ھیں ۔ انکم ٹیکس ۔ سرچارج ۔ ایڈیشنل سرچارج ۔ ود ھولڈنگ ٹیکس ۔ ۔ کرایہ میٹر (حالانکہ یہ میٹر ہم نے خود خریدا ہے ) وغیرہ ۔ ۔۔ یعنی بجلی کے بلوں سے ہی حکومت اربوں روپے کا ٹیکس اکٹھا کرتی ھے اور اسی ٹیکس میں سے کچھ فیصد سب سڈی دیکر عوام کو دھوکہ دیا جاتا ھے کہ حکومت نے عوام کی سہولت کی خاطر اتنے روپے سب سڈی دے دی ۔ ۔ یہ رقم بھی اپنے پسندیدہ آئی ڈی پی اونر کو دی جاتی ھے ۔ ۔ یعنی حکومت ہر طرح سے فائدے میں جا رھی ھے ۔

    1. جناب اس سے بڑھ کر نیا کمال یہ ہے کہ اب آپ کے میٹر پڑھیں گے 1 کو 2 اور 2 کو 4 یوں قیمت تو وہی رہے گی مگر آپ کی یونٹس ہی دگنی ہو جائیں گے جب حکومت کہہ دے کہ میٹر کی ہیرا پھیری کا اختیار کمپنی کو ہے تو پھر صرف رونا ہے ہے

  2. ہمارے جیسے ملکوں میں کہنے کو تو فلاحی حکومتیں ہوتی ہیں پر وہ غریب عوام سے پیسے نکلوانے کے لئے طرح طرح کے حربے آزماتی ہیں۔

  3. السلام علیکم ایم بلال بھائی
    اللہ کریم آپ کو جزائے خیر عطا فرمائے اور آپ اپنے بلاگ سے جو بیداری کی کوشش کرتے رہتے ہیں اس کا پھل عطا فرمائے ۔ آمین
    بجلی کے ساتھ ساتھ گیس کا بھی یہی حال ہے، ہمارے ایک رفیقَ کار (کولیگ) کے گھر کا ایک مہینے کاگیس بل 32000 روپے آیا ۔ انہوں نے گیس دفتر جا کر دکھایا تو دفتر والوں نے ساری ریڈنگز دکھا کر ایک روپیہ بھی کم نہیں کیا، مجبور ہو کر ایک تنخواہ دار شہری نے وہ سارا بل جمع کرایا ۔ جیسے بجلی کے معاملے میں ٹیکہ عام طور پر گرمیوں میں لگایا جاتا ہے، ویسے ہی گیس کے بلوں میں ٹیکہ سردیوں میں لگایا جاتا ہے ۔
    کاش یہ قوم اجتماعی بیداری سے سرفراز ہو جائے تب ہی ظالموں اور ان کے ظلم کی مدد کرنے والوں سے نجات مل سکتی ہے ۔

    1. ھم نے 150 یو نٹ خرچ کی ھے واپڈہ والوں نے 300 یونٹ بل میں درج کی ھے جب میں واپڈہ آفس گیا تو مجھے جواب کیا ملا کے کویی بات نھیں اور 300 یو نٹ کا 3500 روپے بل آیا ھے

  4. اتنا ہی نہیں بلکہ زیادہ بجلی استعمال کرنے پر جو سبسڈی دی جاتی ہے اس میں بھی کمی کر دی جاتی ہے۔ یعنی اگر آپ 400 یونٹس سے کم استعمال کرتے ہیں تو پہلے 200 یونٹس کا ریٹ 8روپے سے کچھ زیادہ ہے۔ لیکن اگر آپ 400 یونٹس سے زیادہ استعمال کرتے ہیں تو آپ کے پہلے 200 یونٹس کا ریٹ 12 روپے سے اوپر چلا جاتا ہے اور یہی حال اگلے یونٹس کا بھی ہوتا ہے۔

  5. اللہ کا شکر ہے چار ماہ سے بجلی کے میٹر کے لئے جمع کروائے گئے ڈیمانڈ نوٹس کی فیس کے بعد سے اب تک میٹر نہیں لگا ورنہ ایک تو اس قانونی ڈاکے کا شکار ہوتے دوسری طرف عمران کا سول نا فرمانی کی تحریک سے بھی فارغ ہوتے

  6. بلال بھائی ۔۔۔۔ جیسے کہ آپ نے اوپر بیان کیا کہ “ہور چوپو”
    اور آپ نے سارا غصہ نہ ، نہ کہتے ہوئے بھی بے بس عوام پر نکال دیا۔۔۔تو محترم عرض یہ ہے کہ میں نے اپنا بڑا ووٹ آزاد بندے کو دیا اور چھوٹا ووٹ پی۔ٹی۔اے کو دیا اور آزاد بندہ تو ہار گیا(بلمقابل ن لیگ کے) اور پی-ٹی-اے والا غالباُ جیت گیا تھا ۔۔۔۔پی۔ٹی۔اے والے کو تو عمران خان کی وجہ سے ووٹ دیا تھا ۔۔۔لین ابھی آپ ساری پارٹیوں کو دیکھ لیں کیسے چیٹر ہیں۔۔۔۔مطلب ہاتھی کے دانت کھانے کے اور دکھانے کے اور کے مصداق والی بات ہو گی۔۔۔۔ تو میں نے تو سوچ سمجھ کر اپنا ووٹ دیا تھا لیکن نتیجہ ہم سب کے سامنے ہے تو ۔۔۔تو اس میں بے چاری ہم جیسی عوام کا کیا قصور۔۔۔۔قصہ مختصر “ہور چوپو” تے رج رج کے چوپو”

  7. اگر یہ لوگ بجلی کی تقسیم کا نظام ٹھیک کر لیں‌تو ان کا خسارہ ختم ہو جائے اور ہماری آدھی مصیبت۔
    مجھے اس بار چھ ہزار روپیہ بل آیا ہے ، سنا ہے محلے داروں‌کو د س دس ہزار بھی آیا ہے۔
    میرے گھر میں اس گرما میں پنکھے کم ہی چلتے ہیں کوئی پچاس فیصد کم چونکہ سولر پنکھے چلا رہے ہیں۔ لیکن بجلی کا بل چھ ہزار پھر۔ لازماً کوئی فیول ایڈجسٹمنٹ یا ہمشیرہ کے سسرال والوں کا کوئی خرچہ ڈال کر بڑھایا ہے ۔

  8. کیوں آنسو بہاؤں کیوں‌کوئ فریاد کروں ۔۔اس ظلمت کدہ میں ظالم حکومت کو یاد کروں
    جن کو سر پہ چڑھایا تخت پہ بٹھایا غمخوار سمجھ کر–کیوں نہ ان کےتخت و تاج برباد کروں
    اس حکومت کے ھاتھوں برباد ھو کر تاثیر– زیست کو اپنی خود ھی سپرد فساد کروں

    محمد اعجاز تاثیر اعوان

  9. اب ہمارے سروں پر بےرحم ، ظالم، خود غرض، حاکم اس قدر ھوس کی تلوار سونت کر آچکے ھیں کہ خدا کی پناہ
    چوبیس گھنٹوں میں فقط چودہ گھنٹے بجلی میسر ھے لیکن بجلی کا بل سترہ روپئے فی یونٹ کے حساب سے سر پہ منڈھا جا
    رھا ھے ، خدا را اس بے رحمی سے باز آیئں۔ عوام کو جینے دو —
    ایک پنجابی ماھیا یاد آیا ھے
    پیریں ھووے ھک پاؤلا —اگے اسی مرے پیے آں ھتھ ظلم دا رکھ ھاؤلا،،

    محمد اعجاز تاثیر اعوان

Leave a Reply to محمد اعجاز تاثیر اعوان جواب منسوخ کریں۔

Your email address will not be published. Required fields are marked *